بابراعظم اورامام الحق کے بعد شاداب خان بھی پہلے ٹیسٹ سےآوٹ

0

فوٹو فائل

ترنگا: نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم کو انجریز نے مشکلات میں گھیر رکھا ہے پہلے ٹیسٹ میں بابراعظم اور امام الحق کے بعد شاداب خان بھی باہر ہوگئے ہیں۔

شاداب خان نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے بعد اپنی بائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی، کل ترنگا میں ان کا ایم آر آئی اسکین کروایا جائے گا جس کی رپورٹ کے بعد ہی ان کی انجری کی اصل نوعیت سامنے آئے گی۔

شاداب خان 26 سے 30 دسمبر تک ماؤنٹ منگنوئی میں شیڈول نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں،ا ٹیم منیجمنٹ نے ظفر گوہر کو بطور متبادل اسپنر پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے شامل کرلیا ہے۔

ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے اطلاع ملنے کے بعدظفر گوہر نے ہملٹن سے بذریعہ بس قومی ٹیسٹ اسکواڈ کو ترنگا میں جوائن کرلیا ہے، ظفر گوہر ابتدائی طور پر پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا حصہ تھے۔

25 سالہ اسپنر ظفر گوہر اب تک 39 فرسٹ کلاس میچوں میں 144 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، وہ 6 مرتبہ ایک اننگز میں 5 جبکہ 2 مرتبہ میچ میں 10 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔

ظفر گوہر بائیں ہاتھ کے اسپنر ہونے کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کی اہلیت بھی رکھتے ہیں اور ہارڈ ہٹنگ بھی کر لیتے ہیں اور اچھے فیلڈر بھی سمجھے جاتے ہیں۔

پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ؛
محمد رضوان (پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے کپتان)، سرفراز احمد، ظفر گوہر، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف۔ بابراعظم، امام الحق اور شاداب خان انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.