بچے جھوٹ بولیں، خود دربدر ہوں، کیا فائدہ ایسی ناجائز دولت کا؟ وزیراعظم

0

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے
پولیس سمیت کسی کو بھی تنخواہ دار طبقے کو ملنے والی تنخواہ کافی نہیں، کئی سال سے مہنگائی بڑھ رہی ہے، تنخواہیں اتنی نہیں جتنی ملنی چاہئیں۔

اسلام آباد پولیس لائنز میں پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انشاءاللہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کےلیے حفیظ شیخ سے بات کروں گا.

بادشاہ نہیں ہوں وزیر خزانہ سے پوچھنا پڑتا ہے

انھوں نے واضح کیا کہ میں بادشاہ نہیں وزیراعظم ہوں اس لیے اپنے وزیرخزانہ سے پوچھنا پڑتا ہے، ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے، وزیراعظم ہاؤس اور آفس کے 60 سے 70 فیصد خرچے کم کیے ہیں، وفاقی حکومت نے بھی 40 ارب کے اخراجات کم کیے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا جب تک مال اور جان کی حفاظت نہیں ہوتی وہ قوم ترقی نہیں کرسکتی، فوج سرحدوں پر قوم کی جان و مال کی حفاظت کرتی ہے اور پولیس ملک میں عوام کا تحفظ کرتی ہے، ملک میں پولیس کا آج تک وہ مقام نہیں بنا جس کی وہ مستحق ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کرکٹ کے دوران مجھے جنوبی افریقہ میں کرکٹ کھیلنے کی بہت پیشکشیں آتی تھیں لیکن اگر میں وہاں کھیلتا تو پیسہ بہت ملتا لیکن عزت نہ ملتی کیونکہ اس سے مجھے وہاں کی نسل پرست حکومت کی حمایت کرنی پڑتی.

انھوں نے کہا ہر انسان کے سامنے دو راستے انسانی عظمت اور شیطانیت کے ہوتے ہیں، نیکی کے راستے پر چلنا آسان نہیں لیکن اسی میں کامیابی ہے، نیکی کا راستہ مشکل اور گناہ کا آسان ہوتا ہے لیکن تباہی کا راستہ ہوتا ہے، قرآن میں واضح لکھا ہے رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

وہ سیاستدان جن کو اللہ نے بہت موقع دیا اور وہ ملک کے سربراہ بن گئے، ان کے سامنے بھی دو راستے تھے اور وہ حلال کما سکتے تھے، لیکن وہ اس راستے پر چل پڑے کہ آج عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں، ان کے پاس اتنا پیسہ ہے کہ خود انہیں اس کا پتہ نہیں، لیکن کبھی اسپتالوں کے چکر لگارہے ہیں، کبھی ملک سے باہر جارہے ہیں.

وزیراعظم نے کہا کہ ان کے بچے بھی باہر بھاگے ہوئے ہیں، باپوں کی چوری بچانے کے لیے بچوں کو جھوٹ بولنا پڑ رہا ہے، کیا فائدہ ایسی دولت کا؟ یہ پیسہ تو اللہ کا عذاب ہے، بڑے محلات میں رہنے والے لوگوں پر کیا گزر رہی ہوتی ہے، جس عذاب میں مبتلا ہوتے ہیں وہ اللہ جانتا ہے۔

تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں گے

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہو گیا ہے، ملک میں سب کچھ ہے گورننس کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، جب تک ہماری آمدنی نہیں بڑھتی ساری قوم کو صبر کرنا پڑے گا، آگے حالات بہتر نظر آرہے ہیں.

وزیراعظم عمران خان نے اس امید کا اظہار کیا کہ آمدنی بڑھتی جائے گی تو تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں گے، اسلام آباد پولیس کو ہیلتھ کارڈ دیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.