پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں مزید 83 افراد انتقال کر گئے
اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 83 افراد انتقال کر گئے اور مزید 2 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار621 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 64 لاکھ 6 ہزار 281 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 142 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 62 ہزار 814 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2لاکھ6 ہزار489 ، پنجاب میں ایک لاکھ 33 ہزار 179، خیبر پختونخوا میں 55 ہزار 811، اسلام آباد میں 36 ہزار 483، بلوچستان میں 17 ہزار 980، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 040 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 832افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 37 ہزار 905 ہوگئی ہے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
ملک بھر میں کورونا سے مزید 83 افراد جاں بحق ہونے کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 9 ہزار 557 ہوگئی ہے۔جبکہ کورونا سے 4 ہزار 415 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔