آئی سی سی کوورلڈ کپ سمیت 6ایونٹس کی میزبانی کی پیشکش کی،وسیم خان
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ، انڈر 19 ورلڈکپ اور ویمنز ورلڈکپ سیمت آئی سی سی کے 6 ایونٹس کی میزبانی کی پیشکش کر دی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے کہا کہ آئی سی سی اگلے سال ستمبر ، اکتوبر تک ان ایونٹس کے میزبان کا فیصلہ کرے گا.
انھوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے لیے پیشکش کرچکا ہےاب ہمیں فیصلے کا انتظار ہے امید ہے تب تک صورتحال مزید سازگار ہو جائے گی۔
انھوں نے نے کہا کہ کووڈ کی وجہ سے یہ فیصلہ تاخیر کا شکار ہوا ہے لیکن امید ہے کہ ستمبر یا اکتوبر تک آئی سی سی اگلے ایونٹس کے میزبان کا اعلان کردے گا۔
وسیم خان نے کہا 2023 سے 2027 کے ایف ٹی پی سائیکل میں جنوبی افریقا، انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کے ساتھ زیادہ سیریز رکھیں گے.
ہماری کوشش ہوگی کہ ٹیسٹ سیریز میں بھی کم از کم تین ٹیسٹ ہوں، انڈیا کے ساتھ فی الحال ایف ٹی پی میں کوئی ونڈو نہیں رکھی جارہی۔
وسیم خان کے مطابق انگلینڈ، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ اور زمبابوے پاکستان کا دورہ کریں گی جب کہ 2022 میں بھی آسٹریلیا اور انگلینڈ فل سیریز کے لیے پاکستان آئیں گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینئرز کے ساتھ ساتھ شاہینز ، انڈر 19 اور انڈر 16 ٹیموں کے لیے بھی دو طرفہ سیریز منعقد کی جائیں گی۔
کووڈ کے چیلنجز کے باوجود بھی پاکستان نے بھرپور کرکٹ آرگنائز کی، پروٹوکولز پر نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا میں ہونے والے تجربات سے بھی سبق حاصل کرکے اپنے انتظامات کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔