سندھ میں اِن ڈور شادیوں پرپابندی عائد، سینما، مزارات اور جم بند
کراچی: کوروناوائرس کی نئی مہلک لہر کے باعث سندھ میں نئی احتیاطی تدابیرکا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، دفاتر میں آدھے ملازمین روٹیشن کےتحت گھر سے کام کریں گے جب کہ سینیما، مزارات اور جم بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومت کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق اِن ڈور شادیوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جب کہ شادی ہالز میں تقریب رات 9 بجے تک ختم کرنا ہو گی.
صرف 200 مہمانوں تک کی اجازت ہو گی، اس کے علاوہ بوفے سسٹم پر پابندی ہو گی، مہمانوں کو کھانا پیکٹس میں فراہم کرنا ہو گا۔
آج سےکاروباری مراکز کو صبح 6 سے شام 6 تک کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے جب کہ سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد کم اسٹاف رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔
ادھر پنجاب کے دفاتر میں بھی حاضری 50 فیصد کم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز میں خطرناک حد تک اضافے ہوا ہے.
دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سےگزشتہ روز صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ملک بھر میں 26 نومبر سے 10 جنوری تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔