حکومت کا ایک ماہ کیلئے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان
اسلام آباد:حکومت نے کورونا وبا کے بڑھتے کیسزکے پیش نظر26 نومبرسے ایک ماہ کے لیے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
وفاقی وزیرشفقت محمود نےاسلام آباد میں
پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا وبا کے بڑھتے کیسزکے پیش نظر26 نومبرسے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تعلیمی اداروں میں 26 نومبرسے 24 دسمبرتک آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا، 25 دسمبرسے 10 جنوری تک سردیوں کی چھٹیاں ہوں گی، جنوری کے پہلے ہفتے میں ریویوسیشن ہوگا جس کے بعد 11 جنوری کو تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔
شفقت محمود نے کہا کہ جن تعلیمی اداروں میں تعلیمی سلسلہ آن لائن جاری ہے وہاں آن لائن جبکہ جہاں یہ سہولت نہیں ہے وہاں اساتذہ ہوم ورک فراہم کریں گے۔
شفقت محمود نے کہا اجلاس میں مارچ اوراپریل میں بورڈ کے امتحانات کومئی میں کرانے کی سفارش کی ہے، یونیورسٹی ہاسٹلزکے طلبہ کا ایک تہائی حصہ ہاسٹلزمیں قیام کرسکیں گے، نوکریوں کے سلسلہ میں ہونے والے ٹیسٹ جاری رہیں گے۔
شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اساتذہ کوبلانے کے حوالے سے اسکول انتظامیہ فیصلہ کرے گی، نیا تعلیمی سال کواگست میں لے جانے کے حوالے سے تجویززیرغورہے، کورونا کے حوالے سے تمام صورتحال کا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر پہلے ہی تعلیمی ادارے فوری بند کرنے کی سفارش کرچکا ہے جبکہ کورونا کی نئی لہر کے پیش نظر اموات کی شرح میں اضافہ ہو گیا ہے.
پریس کانفرنس سے قبل وفاقی وزیرشفقت محمود کی زیرصدارت وزرائے تعلیم کا اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائے تعلیم و دیگر متعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں کورونا صورتحال کاجائزہ لیا گیا، موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق مشاورت ہوئی اور موسم سرما کی جلد اورمعمول سے زائد تعطیلات کی تجویزپرتبادلہ خیال ہوا۔
وفاقی وزارت تعلیم نے کورونا کیسز بڑھنے پرتعلیمی اداروں کے لیے تجاویز صوبوں کوارسال کی تھیں جس کے مطابق پہلی تجویزتعلیمی اداروں کو 24 نومبرسے 31 جنوری تک بند کرنے، دوسری تجویزنومبرسے پرائمری اسکولزبند کردئیے جائیں جب کہ تیسری تجویزمیں 2 دسمبرسے مڈل اسکولزبند کرنے کا کہا گیا۔
وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے تعلیمی سیشن کو31 مئی تک بڑھانے کی تجویزدی گئی ہے جس کے تحت میڑک ، انٹرمیڈیٹ امتحانات جون 2021 میں لیے جائیں گے۔