سلیکٹرز کو شعیب ملک کی جگہ فنشر کی تلاش
راولپنڈی( سپورٹس ڈیسک) پاکستان زمبابوے کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے بنچ کی طاقت آزمائے گا ، سیریز جیتنے کے بعد سلیکٹرز چاہتے ہیں کہ میزبانی اور برتری کا فائدہ اٹھانے کا اچھا موقع ہے۔
ذرائع کے مطابق زمبابوے کے خلاف نئے لڑکوں کو کھلانے کے ساتھ ساتھ اس بات کا امکان بھی موجودہے کہ بیٹنگ آرڈر میں بھی تبدیلی کی جائے ، پاکستان کو شعیب ملک کی جگہ ایک فنشر کی تلاش ہے ۔
ایک روزہ سیریز کے دوران سپر اوور میں ہار کا سبب بننے والے خوشدل خان، فخر زمان اور محمد افتخار کی فنشنگ اہلیت نے سلیکٹرز کو مشکل میں ڈال دیاہے کیونکہ وہ میچ بھی آسانی سے جیتا جاسکتاتھا یہ یہ تینوں دباو میں آگئے۔
اس سے قبل گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے اور ہار کا دباوکم ہو گیاہے۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں گرین شرٹس نے زمبابوے کو ہرا دیا یوں ون ڈے سیریز کے بعد ٹی 20 سیریز بھی پاکستان کے نام ہوگئی پاکستان نے زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔
قومی ٹیم نے 135 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں حاصل کیا، پاکستان کی طرف سے حیدر علی 66 جب کہ بابر اعظم 51 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے، زمبابوے کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 134 رنز بنائے تھے۔
قومی ٹیم کی جانب سے حارث رؤف اور عثمان قادر نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سیریز کا آخری میچ کل10 نومبر کو راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا، پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
کل کی جیت کے بعد پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر سکتاہے ایک روزہ میچز کی سیریز میں یہ موقع گنوا دیا گیا تھا۔