فرانسیسی سفارتخانہ جانیوالے مظاہرین کو شیلنگ کرکے روک دیا گیا
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)گستاخانہ خاکوں اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے خلافا احتجاج کرنے والے تاجروں کو آنسو گیس کی شیلنگ کرتے ہوئے سفارتخانہ جانے سے روک دیا گیا.
وفاقی دارالحکومت میں آبپارہ کے مقام پر تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا،تاجروں نے بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔
مظاہرین نے آبپارہ سے فرانسیسی سفارتخانے کی جانب جانے کی کوشش کی تو پولیس نے آبپارہ سےڈپلومیٹک انکلیو جانے والی سڑک کنٹنیر لگا کر بند کردی۔
پولیس نے ڈپلومیٹک انکلیو کے سامنے سرینا چوک پر بھی کنٹنیر لگا کر راستہ بند کردیا۔ اس دوران مظاہرین نے سرینا چوک پر کنٹینر ہٹانے کی کوشش کی تو پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
مظاہرین اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی کے بعد رینجرز کی نفری بھی طلب کرلی گئی جب کہ ایمبولینسز بھی سرینا چوک کے قریب پہنچادی گئیں ہیں۔
دنیا بھر میں مسلمان فرانس میں حکومتی سرپرستی میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور پھر اس کے حق میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے بیان پر سراپا احتجاج ہیں.
مسلم ممالک میں فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کی مہم بھی چل رہی ہے، پارلیمنٹ سے مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی ہے جب کہ پاکستان نے فرانسیسی سفیر کو طلب کرکے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا ہے ۔