زمبابوے سیریز ، پی ایس ایل کے بقیہ میچز کراچی اور راولپنڈی منتقل

0


لاہور: پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز اور پی ایس ایل کے لاہور میں شیڈول تمام میچز اسموگ کی وجہ سے راولپنڈی اور کراچی منتقل کردیے گئے ہیں۔

پی سی بی نے کھلاڑیوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور میں شیڈول آئندہ میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کیا ہے،آئندہ ماہ لاہور میں اسموگ کی ممکنہ شدت کی اطلاعات موصول ہو ئی تھیں۔

پاکستان اور زمبابوے کے خلاف سیریز میں شامل تینوں ٹی ٹونٹی میچز اب راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جب کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ چاروں میچز اب کراچی میں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ ہم گزشتہ چند ہفتوں سے موسم کی بدلتی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے۔

انھوں نے کہا کہ جونہی ہمیں لاہور میں آئندہ ماہ سموگ کی شدت میں اضافے کی معلومات ملیں تو ہم نے کھلاڑیوں کی صحت پر سمجھوتہ کرنے کی بجائے فوری طور پر ان میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی کو افسوس ہے کہ لاہور کو مسلسل دوسری مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پلے آف میچز کی میزبانی نہیں مل رہی مگر ہمارے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت سب سے عزیز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ زمبابوے کرکٹ اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فرنچائزز نے ہمارے فیصلے کو تسلیم کیا ہے، اس موقع پر ہم وفاقی اور صوبائی ایجنسیز کے تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.