زمبابوے کے خلاف سیریز کا نیا شیڈول جاری، ملتان آوٹ
لاہور(سپورٹس ڈیسک)زمبابوے کے دورہ پاکستان کیلئے پی سی بی نے زمبابوے کے خلاف سیریز کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے تحت راولپنڈی میں ون ڈے میچز سے سیریز کا آغاز ہو گا جب کہ ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں پاکستان اپنے سفر کا آغاز راولپنڈی سے کرے گا۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، یہ تینوں میچز ابتدائی طور پر ملتان میں شیڈول تھے تاہم لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کی بناء پر انہیں راولپنڈی منتقل کر کیا گیا۔
راولپنڈی میں پہلے شیڈول تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی اب لاہور کے سپرد کر دی گئی ہے، یہ میچز اب 7، 8 اور 10 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہا ہے کہ لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کے سبب ملتان کا وینیو دستیاب نہیں تھا، لہٰذا ہم نے سیریز کے شیڈول کا دوبارہ جائزہ لیا.
انھوں نے کہا کہ ایک ایسا شیڈول ترتیب دیا ہے جو دونوں ٹیموں، میچ آفیشلز، براڈ کاسٹرز اور دیگر متعلقہ حکام کے لیے موزوں ہے۔
فوٹو : پی سی بی
انہوں نے کہا کہ ہم نومبر میں لاہور شہر میں متوقع سموگ کی صورتحال سے متعلق محکمہ موسمیات سے مسلسل رابطے میں رہیں گے اور اگر اس دوران کسی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس پر غور کیا جائے گا۔
زمبابوے کی کرکٹ ٹیم 20 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی اور پھر 21 تا 27 اکتوبر کو مہمان ٹیم قرنطینہ کی مدت پوری کرے گی.
اس کے بعد مہمان ٹیم 28 اور 29 اکتوبر کر پنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی اور پھر 30 اکتوبر کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ کھیلا جائے گا۔