وزیراعظم کا ترلائی پناہ گاہ کا دورہ، معائنہ کیا، مزدوروں کیساتھ کھانا کھایا
فوٹو : ٹوئٹر
اسلام آباد(محبوب الرحمان تنولی)دن بھر اسلام آباد کے دیہی علاقے ترلائی کی پناہ گاہ میں، ارد گرد اور سامنے سڑک پر صفائی ستھرائی اور تیاریوں کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ترلائی میں ماڈل پناہ گاہ کا دورہ کیا۔
وزیر اعظم نے پناہ گاہ میں مختلف سہولیات اور انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا اس موقع پر وزیراعظم نے پناہ گاہ میں مقیم افراد سے سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے دریافت کیا اور پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ کھانا بھی کھایا.
ترامڑی چوک اور تھانہ شہزاد ٹاون سے ملحقہ اس پناہ گاہ کے راستے میں شامیانے لگائے گئے تھے جب کہ اس راستے اور سڑک پر نہ صرف جھاڑو پھیرا گیا بلکہ پناہ گاہ کے قریب سے لفافے، کوڑا کرکٹ بھی اٹھا لیاگیا تھا.
پروگرام پہلے سے طے شدہ ہونے کی وجہ سے پناہ گاہ کے اندر کے انتظامات بھی بہت اچھے تھے میڈیا ٹاک کے دوران وزیراعظم نے انتظامات اور صفائی کی تعریف بھی کی، انھوں نے منتظمین پر زور دیا کہ معیاری انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے.
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں امیر غریب کے فرق کو مٹانا چاہتا ہوں اس لئیے پناہ گاہ آنے والوں کے میلے کپڑے دیکھ کر تفریق نہ برتی جائے، عمران خان کے معائنہ کے دوران پناہ گاہ میں موجود افراد بھی تیار ہو کر اپنی چارپائیوں پر موجود تھے جو بظاہر مزدور کم ہی نظر آتے تھے.
وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے مواصلات مراد سعید، مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، علی نواز اعوان، راجہ خرم نواز اور دیگر اعلی عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔