سی ای او لائیو سٹاک بورڈ ڈاکٹر فتح اللہ سے وفد کی ملاقات
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)سی ای او لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ ڈاکٹر فتح اللہ خان نے کہا ہے ملک میں گوشت کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے لائیو سٹاک کے شعبہ پر تو جہ دینا ناگزیرہے۔لائیوسٹاک اور ڈیری سیکٹر کے فروغ سے ہی دودھ اور گوشت کی قیمتوں میں استحکام لانا ممکن ہے۔
اسلام آباد فریش ملک ایسوسی ایشن اور جمیعت القریش میٹ ویلفیئرایسوسی ایشن کے وفد نے لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ کا دورہ کیا اور سی ای او ڈاکٹر فتح اللہ خان سے ملاقات کی ۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموربشمول لائیو اسٹاک اور ڈیری ڈیولپمنٹ اور دودھ اور گوشت کی پیدوار میں اضافے اور مارکیٹ میں فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وفد میں صدر اسلام آباد فریش ملک ایسوسی ایشن مٖظفر احمد ہاشمی،نائب صدر خالد میو، سینئر نائب صدر ڈاکٹررئوف اور فنانس سیکرٹری عبداللہ اسمائیل شامل تھے ۔صدر آل پاکستان جمیعت القریش میٹ ویلفیئرایسوسی ایشن خورشید احمد قریشی بھی ملاقات میں موجود تھے ۔
وفد نے ڈاکٹر فتح اللہ خان کو اسلام آباد میں دودھ اور گوشت کی فراہمی بشمول مویشی پال حضرات اور سپلائرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر پراجیکٹ منیجر( پی ایم یو ) ڈاکٹر شعیب سلیم نے وفد کو بورڈ کے جاری منصوبوں ، دودھ اور گوشت کی فراہمی اور پیدوار میں اضافے کے حوالے سے تکنیکی معاملات پر بریفنگ دی ۔
وفد سےگفتگو کرتے ہوئے سی ای او لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ ڈاکٹر فتح اللہ خان نے کہا کہ ملک میں گوشت کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے لائیوسٹاک کے شعبہ پر تو جہ د ینا ناگزیرہے۔
انھوں نے کہا گوشت اور دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے جانوروں کی بہتر افزائش اور جدید طریقہ کار اختیار کرنے سے خاطر خواہ نتائج حاصل ہو سکتے ہیں ۔ پیداوار میں اضافے سے دودھ اور گوشت کی بڑھتی ہوئی قیمتوں میں بھی استحکام آئے گا ۔
ڈاکٹر فتح اللہ خان نے مزید کہا کہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ اس ضمن میں کئی منصوبوں پر کام کر رہا ہے،کٹا بچاﺅ اور کٹا فربہ سکیم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ کسانوں اور دیگر پبلک پرائیویٹ سیکٹر کو معاونت فراہم کرے گا۔ ملک میں ڈیری اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈر کی جملہ کاوشیں وقت کی اہم ضرورت ہیں ۔