بیٹسمین چلے تو بالرز فیل، پاکستان بڑا سکور کرکے بھی ہارگیا
فوٹو: پی سی بی
مانچسٹرڈ(سپورٹس ڈیسک)پاکستان انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بڑا سکور کرنے کے باوجود بھی 5وکٹوں سے شکست کھا گیا،محمد عامر ان فٹ ہو کر باہر چلے گئے جبکہ شاہین شاہ کی برطانوی بیٹسمینوں نے خوب درگت بنائی ۔
برطانوی کپتان مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو کھیلنے کی دعوت دی ، پاکستان نے مقررہ 20اوورز میں4وکٹوں کے نقصان پر 195رنز بنائے،پہلی وکٹ کی شراکت میں پاکستانی اوپنرز نے 72رنز بنائے ۔
پہلے فخر زمان 36رنز بنا کر عادل رشید کا شکار بنے جب کہ 112کے مجموعی سکور پرکپتان بابر اعظم بھی44گیندوں پر56رنز بنا کرآوٹ گئے،شعیب ملک بھی 11گیندوں پر صرف14رنز بنا سکے۔
پاکستانی اننگ کی خاص بات محمد حفیظ کی جارحانہ بلے بازی تھی انھوں نے پہلے 26بالوں پرنصف سنچری کی اور پھر 36بالز پر5چھکوں کی مدد سے69رنز بنا کر آوٹ ہوئے،افتخار احمد 8رنز بنا نا ٹ آوٹ لوٹے مگر کوشش کے باوجود کوئی باونڈری نہ لگا سکے۔
انگلینڈ کی طرف سے عادل رشیدنے2کرس جورڈن اور ٹوم کورون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،برطانوی اوپنرز نے بھی66رنز کا آغاز فراہم کیا،جونی بیرسٹو24بالوں پر44رنز بنا کر شاداب خان کی وکٹ بنے۔
اگلی ہی بال پر شاداب نے دوسرے اوپنر ٹام بینٹن کو بھی 20رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا،اس کے بعد مورگن اورڈیوڈ میلان کے تیز ترین112رنز کی شراکت نے پاکستان کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
این مورگن173کے مجموعہ پر33بالز پر66رنز بنا کر حارث روف کی وکٹ بنے جب کہ بعدبلینگز10اور معین علی ایک رن بنا کر آوٹ ہوئے،میلان نے وننگ شاٹ بھی کھیلا اور54رنز بنا کر ناقابل شکست بھی رہے۔
پاکستان کی طرف سے شاداب خان نے 3اور حارث روف نے2کھلاڑی آوٹ کئے،پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط تھی لیکن بارش نے پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا تھا یکم ستمبر کو تیسرا میچ کھیلا جائے گا۔