اللہ تعالیٰ نے مخلوق کا مذاق اڑانے، بدگمانی، تکبر اور چغلی سے منع کیا، خطبہ حج
مکہ مکرمہ (ویب ڈیسک )حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے دوران مسجد نبوی کے امام شیخ حسن بن عبدالعزیز آل الشیخ نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ اسلام کی حقیقی تصویر اعلیٰ اخلاق اور بہترین سلوک و برتاوٴ پر مشتمل ہے۔
انھوں نے کہااللہ تقویٰ اختیار کرنے والوں کو پسند کرتا ہے، تقویٰ اختیار کرو تاکہ تم فلاح پاوٴ، تمام انبیا نے اللہ کی وحدانیت کی تعلیم دی، تقویٰ اللہ اور رسول کے احکامات پر عمل سے مشروط ہے اور اللہ کی وحدانیت پر یقین اور عبادت تقویٰ کا اہم ستون ہے۔
شیخ حسن بن عبدالعزیز نے کہا رسول کریم ﷺنے توحید پر زور اور اللہ کے برابر کسی کو لاکھڑا کرنے کی مذمت کی، محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان کامل اور ان کے بتائے گئے احکامات کو برحق ماننا ایمان کا اہم جزو ہے۔
نماز کلمہ کے بعد اسلام کا اہم ترین رکن ہے، نماز کی اہمیت پر قرآن اور حدیث نے زور دیا، زکوٰة اور روزے بھی اسلام کے اہم ستون ہیں اور حج صاحب استطاعت پر فرض کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے نماز قائم کرو بے شک نماز برائی اور بے حیائی سے روکتی ہے، فرمان باری تعالیٰ ہے اے ایمان والوں تم پر روزے رکھنا فرض کیا گیا جیسے تم سے پہلے امتوں پر کیے گئے تھے۔
رسول پاکﷺنے اپنے خطبہ عرفہ میں حسن اخلاق پر زور دیا، نبی پاک کے اعلیٰ ترین اخلاق نے اسلام کو پیش کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا، حسن اخلاق سے ہی اسلام آفاقی دین ثابت ہوا، نبی پاک ﷺ کا پیش کردہ اخلاقیات کا درس کسی بھی بے گناہ کو نقصان پہنچانے سے روکتا ہے۔
ہماری کامیابی قرآن و سنت پر عمل کرنے میں ہے، اخلاق فاضلہ کا درس دیں، آنے والی نسل کو اچھے اخلاق کی تعلیم دیں، دین اسلام خیر اور احسان پر ابھارتا ہے، کسی بھی انسان پر ظلم کرنے اور سرکشی چھوڑنے کا کہتا ہے، اسی لیے امت مسلمہ ایک امت ہے۔
انھوں نے کہااللہ تعالیٰ نے مخلوق کا مذاق اڑانے، بدگمانی، تکبر اور چغل خوری سے منع کیا، اللہ رب العزت نے ارشاد فرمایا، یقیناً یہ قرآن وہ راستہ دکھاتا ہے جو بہت سیدھا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے والدین کے احترام اور خیال رکھنے کی تلقین کی ہے، اسلام نے میاں بیوی کے رشتے میں میانہ روی اور محبت پر زور دیا۔
شریعت نے دھوکہ دہی، سود خوری، خرید و فروخت کی مجھول شکلوں سے منع کیا اور کاروباری لین دین کے حقوق کو لکھنے، معاہدوں اور وعدوں پر قائم رہنے اور وفا کرنے کا حکم دیا۔
اسلام نے بے ایمانی کرنے والوں کو سخت عذاب کی تنبیہ دی اور معافی اور درگزر سے کام لینے پر زور دیا، معاشرے کے امن کے لیے ہر مسلمان کو کوشش کرنی چاہیے۔
اللہ تعالیٰ اور رسول کریم ﷺکے احکامات پر عمل کرنا قانون کی بالادستی ہے، حج کو سیاسی، علاقائی یا لسانیت کے لئے استعمال کرنا شریعت کے خلاف ہے، حج تمام رنگ ونسل اور اقوام کو سمیٹ کر متحد کرتا ہے۔
اسلام نے حکمرانوں کی فرمانبرداری اور قانون کی بالادستی پر عمل کا حکم دیا، نبی ? کا فرمان ہے کہ جو آپ لوگوں سے نیکی کرے تو اس کے لئے دعا کریں۔