بھارتی ہائی کمشنر کی عمران خان سے ملاقات
اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا کی بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات ،انتخابات میں کامیابی پر چیئرمین تحریک انصاف کو مبارکباد ، تحفے میں بلا پیش کیا۔
پی ٹی آئی کے طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجے بساریہ اور عمران خان کی ملاقات میں وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری ،سینئر رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری ، نعیم الحق اور ڈاکٹر شہزاد وسیم بھی موجود تھے۔
، ملاقات میں چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے تنازعات بشمول مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاک بھارت مذاکرات کی بحالی پر زور دیا۔
مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عمران خان کی جانب سے گہری تشویش کا اظہار کیا ، عمران خان نے کہا امید کرتا ہوں کہ سارک سربراہ اجلاس جلد اسلام آبا دمیں منعقد ہوگا۔
بھارتی ہائی کمشنر کی جانب سے پاک، بھارت تعلقات میں مثبت دور کے آغاز کی امید کا اظہار کیا،بھارتی ہائی کمشنر نے کہابھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور چیئرمین تحریک انصاف کے مابین ٹیلیفونک گفتگو سے امید نے جنم لیا ہے۔
بھارت پرامید ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات مثبت ڈگر پر چل نکلیں گے ، ملاقات میں بھارتی ہائی کمشنر کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کو بلا بطور تحفہ پیش ،بھارتی ہائی کمشنر کی جانب سے دیے گئے بلے پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے دستخط بھی موجود ہیں۔