پاکستان،7 افراد جاں بحق، مجموعی ہلاکتیں 35،متاثرین 2401 ہو گئے
فوٹو: فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)کورونا وائرس سے ملک بھر میں 2 اپریل کو مزید 7 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 2401 ہو گئی۔
گزشتہ روز جمعرات کورونا وائرس کے 179 کیسز رپورٹ ہوئے اور 7 ہلاکتیں ہوئیں جن میں سے خیبرپختونخوا میں 3 ، سندھ میں 2، پنجاب اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 11، سندھ 11، خیبرپختونخوا 9، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
جمعرات کو پنجاب میں 75 کیسز ایک ہلاکت، سندھ میں 34 کیسز 2 ہلاکت، خیبرپختونخوا 58 کیسز 2 ہلاکت، گلگت 3 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان 5 اور اسلام آباد میں مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے جمعرات کو صوبے میں 2 مزید ہلاکت کی تصدیق کی اور بتایا کہ ٹنڈو محمد خان سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ مریض کو 28 مارچ کو حیدرآباد کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جو انتقال کر گیا۔
دوسری ہلاکت کراچی میں ہوئی جہاں کورونا وائرس سے متاثرہ ایک مریض انتقال کرگیا، 86 سالہ شخص سماجی رابطے سے متاثر ہوا، مریض یکم اپریل کو اسپتال میں داخل ہواجہاں اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور جمعرات کو جاں بحق ہوا۔
سندھ کے محکمہ صحت کےمطابق سندھ میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 34 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 743 ہوگئی، کراچی میں 17، حیدرآباد 9، شہید بے نظیر آباد 6 اور جامشورو میں 2 کیس رپورٹ ہوئے۔
جمعرات کو خیبرپختونخوا میں کورونا کے 58کیسز اور مزید 3 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 311 ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے 3 مریضوں میں سے ایک کا تعلق بنوں، ایک کا نوشہرہ اور ایک کا بونیر سے تھا صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کی جانب سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔
جمعرات 2 اپریل کو پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 75 کیسز سامنے آئے جب کہ لاہور میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی جس کے بعد پنجاب میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 11 اور مجموعی کیسز 920 ہوگئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 920 ہے۔ ڈیرہ غازی خان قرنطینہ مرکز میں 213۔ ملتان قرنطینہ مرکز میں 91، رائے ونڈ قرنطینہ میں 142 اور فیصل آباد قرنطینہ میں 5 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ۔
جمعرات گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں جس کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 187 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان کے محکمہ اطلاعات نے علاقے میں کورونا سے ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔
سرکاری پورٹل پر رپورٹ کے مطابق جمعرات کو بلوچستان میں 5،اسلام آباد میں 4 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ آزاد کشمیر میں کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا.