پاکستان نے اسٹریلیا کو ہرا کر سہ فریقی سیر یز جیت لی
فوٹو : اے ایف پی
ہرارے(ویب ڈیسک) سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔
زمبابوے کے شہر ہرارے میں کھیلے گئے سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا جو قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ آسٹریلیا کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور صاحبزادہ فرحان نے کیا تاہم صرف 2 کے مجموعے پر پاکستان کی 2 وکٹیں گرگئیں۔
اپنا پہلا میچ کھیلنے والے صاحبزادہ فرحان دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے حسین طلعت بھی صفر پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ 2 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی تاہم کپتان سرفراز احمد اور فخرزمان نے زمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 45 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم سرفراز 28 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔
سرفراز کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور فخر زمان نے جارحانہ کھیل پیش کیا، دونوں کھلاڑی نے 107 رنز کی شراکت قائم کی تاہم فخززمان ایک بار پھر اپنی سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے اور 91 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 43 رنز بنائے۔
شعیب ملک اور فخر زمان کی جارحانہ اننگز کے باعث پاکستان نے آسٹریلیا کا 183 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز ڈارسی شارٹ اور ایرون فنچ نے کیا، دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 95 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ ایرون فنچ نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 27 گیندوں پر 47 رنز بنائے تاہم وہ شاداب خان کی گیند پر صاحبزادہ فرحان کو کیچ دے بیٹھے، ڈارسی شارٹ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 76 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے۔
اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کا کوئی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہ کھڑا رہ سکا تاہم مقررہ اوورز میں آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔