امریکہ پلٹ خاتون میں کورونا کی تصدیق، کل تعداد 29 ہوگئی
فوٹو : فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)امریکہ سے اسلام آباد پہنچنے والی خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ مریضہ کو پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے.
اسلام آباد میں خاتون میں کورونا وائرس سامنے آنے کے بعد ملک میں اس خطرناک مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے۔
خاتون کے ٹیسٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے پر اسے پمز اسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مریضہ کی حالت تشویشناک ہے۔
وزارت صحت و ریگولیشن نے پاکستان میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں وائرس سے متاثرہ تین افراد مکمل صحتیاب ہوگئے ہیں اور انہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
کورونا کے سب سے زیادہ 13 کیسز سندھ میں ہیں، بلوچستان میں 6 ،اسلام آباد میں 4 اور گلگت بلتستان میں 3 مریض ہیں۔ زیادہ تر مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور تاحال کسی بھی مریض کی موت واقع نہیں ہوئی۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں تعلیمی اداروں، شادی ہالز اور سینما گھروں کو گزشتہ روز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ عوامی اجتماعات اور تقریبات پر پابندی لگادی گئی ہے۔
ملک کے تین لاہور، اسلام آباد اورکراچی کے سوا تمام ایئرپورٹس پر فلائٹس آپریشن معطل کردیے گئے ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث ملک میں بہت سی عوامی و معاشی سرگرمیاں مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے گزشتہ روز پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے 28 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی تھی.