عوامی اجتماعات، شادی ہالز، سینما، تھیٹر پر پابندی، تعلیمی ادارے بند

0

فوٹو : پی آئی ڈی

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)کورونا وائرس کے باعث ملک میں تمام بڑے عوامی اجتماعات اور شادی ہالز میں تقریبات پر دو ہفتوں کیلئے پابندی لگائی گئی ، دو ہفتے کیلئے سینما گھر اور تھیٹرز بھی بند رہیں گے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ فیصلے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیے گئے ہیں، پاکستان کے صرف تین ائیرپورٹس (کراچی، لاہور اور اسلام آباد) پر انٹرنیشنل پروازیں آسکیں گی ، بین الاقوامی پروازیں صرف اسلام آباد ، لاہور اور کراچی سے آپریٹ ہوں گی۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کی آج میٹنگ ہوگی، ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ ملک میں تمام بڑے اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے، ریاست کے لیے لوگوں کے تحفظ سے بڑھ کر کچھ نہیں.

ظفر مرزا نے بتایا کہ مذہبی اجتماعات سے متعلق مشاورت کی ذمہ داری وزیر مذہبی امور کو دی گئی ہے، ملک میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند کیے جارہے ہیں، ملک میں اسکول بھی تین ہفتوں کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم درخواست کریں گے کہ سول کورٹس میں تاریخیں 3 ہفتوں کیلئے بڑھادی جائیں ، درخواست کریں گے کہ جوڈیشل مجسٹریٹس اور سیشن کورٹ کے ججز جیلوں میں جاکر ریمانڈ اور ضمانت کے فیصلے کریں، جیلوں میں قیدیوں کے ملاقاتیوں پر تین ہفتے کےلیے پابندی عائد کی گئی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ تفتان میں بڑی محنت کرکے ایک موبائل لیبارٹری بھی قائم کی ہے ، کورونا کا مشتبہ مریض وہ ہے جو حال ہی میں باہر سے آیا اور علامات ظاہر ہوئیں یا اس سے کوئی قریبی رابطے میں ہو، کورونا وائرس کی تشخیص سے متعلق ہماری استعداد میں اضافہ ہوا ہے.

انھوں نے بتایا کہ پاکستان کے پاس کورونا تشخیص کیلئے صلاحیت اور کٹس موجود ہیں، پاکستان میں اس وقت 8 لیبارٹریوں سے کورونا کو ٹیسٹ کیا جاسکتا ہے، پاکستان میں 9 لاکھ افراد کی اب تک اسکریننگ کرچکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن معید یوسف نے کہا کہ ملک میں فی الحال نیشنل ایمرجنسی کا نفاذ نہیں کیا جارہا، تفتان سے متعلق جو تصاویر دکھائی جارہی ہیں وہ آئیسولیشن کی نہیں ہیں۔

معید یوسف نے کہا کہ کرتارپور راہداری سے متعلق پاکستانی شہریوں کے جانے پر پابندی ہوگی، کرتار پور راہداری سے بھارتی یاتری کرتارپور تک آسکیں گے۔

کورونا کے معاملے پر قومی کوآرڈینشن کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے، جس کی آج چار بجے پہلی میٹنگ ہورہی ہے، کمیٹی مزید فیصلے کرے گی ، کمیٹی کا اجلاس روز ہوگا۔ معاون خصوصی صحت کوآرڈینیشن کمیٹی کے سربراہ جبکہ صوبائی اور ملٹری اسٹیک ہولڈرز ممبرہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا کے بغیر کورونا وائرس سے متعلق قومی جہاد پورا نہیں ہوسکتا،  میڈیا کا گلا گھونٹنا نہ حکومت کا ایجنڈا ہے اور نہ حکومت کی پالیسی۔

انہوں نے کہا کہ جیو کو نہ میں نے بند کیا نہ میں اس میں پارٹی یا مدعی ہوں، اگر کسی کے ساتھ کوئی نا انصافی ہوئی ہے تو میں اس کے ساتھ کھڑی ہوں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.