پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو، لاہور قلندر نے کوئٹہ کو ہرا دیا

0

فوٹو : پی ایس ایل

راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام)اسلام آباد یونائیٹڈ پشاور زلمی کے خلاف 195 رنز بنا کر بھی بارش کے باعث ہار گئی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو لاہور قلندر نے آوٹ کلاس کردیا.

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 20ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 196 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پشاور زلمی نے 9 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 85 رنز بنالیے تھے تاہم بارش کے باعث میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا.

کامران اکمل کے 21 بالز پر 37 رنز کی جارحانہ اننگ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پشاور زلمی کی جیت کا سبب بنی جب بارش نے میچ روکا تو پشاور کی ٹیم جیت کیلئے 78 رنز بنانا تھے اور اس نے 85 رنز بنا لئے تھے۔

پشاور زلمی کے امام الحق اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا، امام صرف 7 رنز بنا سکےکامران اکمل 21 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ بارش کے باعث میچ ختم ہونے سے پہلے ٹام بینٹن 16 گیندوں پر 20 اور حیدر علی 8 گیندوں پر 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا، رونکی صرف 6 رنز بنانے کے بعد راحت علی کا شکار بنے۔ رضوان حسین بھی 5 رنز بنا سکے۔

کولن منرو نے کپتان شاداب خان کے ساتھ ملکر زبردست شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، منرو 35 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کولن انگرام نے بھی شاداب خان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 50 رنز سے زائد کی شراکت قائم کی۔

کولن انگرام 25 گیندوں پر 41  رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے جب کہ شاداب خان نے 42 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 2، کارلوس بریتھ ویٹ، وہاب ریاض اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ادھر لاہور میں کھیلے گئے 21ویں میچ کا ٹاس لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور جیسن روئے نے اننگز کا آغاز کیا.

شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں شین واٹسن کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس بھیج دیا اور اپنے اگلے ہی اوور میں احمد شہزاد کو بھی آؤٹ کرکے کوئٹہ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا.

اس کے بعد سمت پٹیل نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 5 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد 1، جیسن روئے 6، اعظم خان اور بین کٹنگ کو صفر پر پویلین واپس بھیجا۔

محمد نواز نے انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ 26 گیندوں پر 10 رنز بنانے کے بعد راجا فرضان کا شکار بنے جب کہ فواد احمد کی وکٹ بھی فرضان کے حصے میں آئی وہ 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے سہیل خان ٹاپ سکورر رہے انھوں نے 35 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی وہ سلمان ارشاد کا شکار بنے اس طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 98 رنز بناسکے۔

لاہور قلندر کی طرف سے ہدف کے تعاقب میں فخرزمان نے سہیل اختر کے ساتھ ملکر جارحانہ آغاز فراہم کیا لیکن فخر 20 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ کپتان سہیل صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد حفیظ اور بین ڈنک نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 12ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کیا۔ حفیظ 32 گیندوں پر 39 اور ڈنک 21 گیندوں پر 30 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے.

اتوار 8 مارچ کو دن 2بجے راولپنڈی میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا میچ ہے جبکہ شام 7 بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندر اور کراچی کنگز مد مقابل ہوں گے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.