سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات
فوٹو : اے پی پی
راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام )اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے جس میں افغان مہاجرین، افغان مفاہمتی عمل، مسئلہ کشمیر، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف نے کہا ہم پرامن اور مستحکم پاکستان کے لیے پرعزم ہیں۔ اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے پاکستان کی امن مشنز میں کردار اور دہشتگردی کے خلاف کامیابیوں کی تعریف کی اور یو این ملٹری مبصر گروپ کو کشمیرمیں رسائی دینے کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے اور خطے کے استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا، انھوں نے کہا پاکستان امن کیلئے اہم ترین کام کر رہا ہے.
ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم پرامن اور مستحکم پاکستان کے لیے پرعزم ہیں۔ اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے دنیا میں امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن مشنر میں پاکستان کے کردار پر فخر ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں ‘’امن مشنز میں پاکستان کے کردار’’ کے عنوان پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان امن کیلئے اہم ترین کام کر رہا ہے۔
انتونیو گوتریس نے نسٹ میں زیر تعلیم طلبہ کی تعریف کی اور کہا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔ تعلیمی میدان میں آپ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
یو این سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ امن مشنز کو نئے چیلنجز درپیش ہیں۔ پاکستان افسران امن مشنز میں فرسٹ کمانڈر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان کے ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد جوانوں نے امن مشنز کے لیے کام کیا۔
نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں منعقدہ تقریب کے دوران امن مشنز کے دوران شہید ہونے والوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
نسٹ میں خطاب کے بعد سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا جہاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا۔