ایم سی سی کی لاہور قلندرز پر4 وکٹوں سے فتح، قلندر نے ہار کی روایت برقرار رکھی
فوٹو : پی سی بی
لاہور(سپورٹس ڈیسک) میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کا دورہ پاکستان کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلے میچ میں لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا ۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ایم سی سی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی سلمان بٹ اور فخر زمان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 42 رنز بنائے، سلمان بٹ 28 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے ۔
فخر زمان اور سہیل اختر کی سست رفتار بیٹنگ کی وجہ سے لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا سکی ۔
فخر زمان نے 45 اور سہیل اختر 40 رنز بنائے ، ایم سی سی کی جانب سے روئے لوف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا دوسری جانب ایم سی سی کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا.
ایم سی سی کے اوپنر ول روڈز اور مائیکل 13 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، تاہم کے بعد کپتان کمار سنگاکارا، روی بوپارا اور سمت پٹیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی.
ایم سی سی نے آخری اوور کی تیسری گیند پر6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا اور یوں 4 وکٹوں سے قلندرز کو شکست دی۔
روی بوپارہ 41، سمت پٹیل 31 اور سنگاکارا 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کے محمد فیضان نے 2، عثمان شنواری، معاذ خان، دلبر حسین اور فرزان راجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، یوں لاہور قلندرز نے ہارنے کی روایت برقرار رکھی.
یاد رہے کہ ایم سی سی ٹیم کی قیادت کمار سنگاکارا کر رہے ہیں جو 11 سال بعد پاکستان آئے ہیں جب کہ میری لیبون کرکٹ کلب کی ٹیم 48 سال بعد پاکستان آئی 1ہے۔
ایم سی سی 16 فروری کو پاکستان شاہینز کے خلاف ون ڈے میچ کھیلے گی، 17 فروری کو ناردرن اور 19 فروری کو ملتان سلطانز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، تینوں میچز ایچی سن کالج میں کھیلے جائیں گے.