صدر نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا آرڈیننس جاری کردیا
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سالانہ بارہ لاکھ آمدن تک انکم ٹیکس ختم، صدر مملکت نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا آرڈیننس جاری کردیا۔
اس حوالے سے دنیا نیوز کےمطابق صدرمملکت ممنون حسین نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے آرڈیننس کی منظوری دے دی۔ سکیم کے تحت 2 فیصد ٹیکس دے کر بیرون ملک سے اثاثے واپس لائے جا سکیں گے، جبکہ ایک لاکھ روپے ماہانہ آمدنی پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 5 اپریل کو ٹیکس اصلاحات اور ایمنسٹی سکیم کا اعلان کیا تھا جس کے تحت 12 سے 24 لاکھ روپے سالانہ آمدن پر 5 فیصد، 24 سے 48 لاکھ روپے سالانہ پر 10 فیصد اور 48 لاکھ سے زائد سالانہ آمدن پر 15 فیصد ٹیکس دینا ہوگا۔
ٹیکس ایمنیسٹی سکیم 30 جون تک جاری رہے گی، سیاسی افراد اور ان کے ماتحت ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے فائدہ حاصل نہیں کرسکیں گے۔