پیٹ جڑی بچیوں کو طویل آپریشن کے بعد الگ کردیاگیا
تصاویر: سی این این
ابوجا(ویب ڈیسک)نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں پیٹ سے جڑی دو بہنوں کو کامیاب آپریشن کے بعد الگ الگ کردیاگیا۔
ابوجا میں جڑواں بہنوں ، مرسی اور گڈنس کو آپریشن کے بعد چھ ہفتے تک زیر علاج رکھنے کے بعد ڈاکٹرز نے گھر جانے کی اجازت دے دی، کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے آپریشن میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی 78رکنی ٹیم نے حصہ لیا۔
آپریشن کرنے والی ٹیم کے سربراہ سرجن ایمانول امے کے مطابق پیٹ جڑی ان بچیوں کا آپریشن گزشتہ سال نومبر ابوجا کے نیشنل اسپتال میں کیا گیا تھا اور اب انھیں صحت یاب ہونے پر گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
اس حوالے سے سی این این کی رپور ٹ میں ڈاکٹر وں کے حوالے سے بتا یا گیاہے کہ بچیوں کو اس لیئے اسپتال میں چھ ہفتے رکھا گیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ آپریشن کے بعد کوئی اور پیچیدہ صورتحال نہ جنم لے سکے۔
نیشنل اسپتال ابوجاکے ترجمان ڈاکٹر ٹایو ہاسٹرپ کا کہنا ہے کہ حکومت کے زیر اہتمام سپیشل سینٹر میں ان بچیوں کو الگ کرنے کا یہ پہلا آپریشن تھا،انھوں نے کہا کہ 13گھنٹے کا کامیاب آپریشن کرنے والے ڈاکٹرز کی ٹیم نائجیریا کی ہے اس بات کی ہمیں خوشی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشن پر کئی ہزار ڈالرز کا خرچ آیا ہے لیکن چونکہ بچیوں کے والدین غریب ہیں اور خرچہ ادا نہیں کرسکتے تھے اس لئے بچیوں کو الگ کرنے کا آپریشن مفت میں کیا گیاہے ۔
سرجن ایمانول امے نے بتایا کہ ان جڑواں بچیوں کی پیدائش گزشتہ سال اگست میں ہوئی تھی تاہم پیچیدگیوں سے بچنے کیلئے آپریشن کا انتظار کیاگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کرنا ایک خطر ناک اور مشکل مرحلہ تھا کیونکہ چھاتی میں اندرکے اعضاء بھی جڑے ہوسکتے تھے،تاہم آپریشن میں یہ خدشہ دور ہو گیا لیکن دونوں کے بڑے زخم تھے اس لئے ان کو بھرنے اور بہتری آنے میں کئی ہفتے لگے ہیں۔