کوالالمپور کانفرنس، وزیراعظم آفس اور دفتر خارجہ سیم پیج پر نہیں تھے
فوٹو : فائل
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم آفس اور دفتر خارجہ
کوالالمپور سربراہ کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے سیم پیج پر نہیں تھے اس لیے وزیراعظم آفس نے دفتر خارجہ کی سفارشات کو نظرانداز کیا.
اس حوالے سےایکسپریس ٹربیون‘‘ کی رپورٹ میں ذرائع کاحوالہ دے کر خبر دی ہے کہ دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کوالالمپور سمٹ کے حوالے سے ناخوشگوار صورتحال کا ذمے دار دفتر خارجہ کو ٹھہرانا غلط ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کو جب اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی تو دفتر خارجہ نے حکومت کو احتیاط سے قدم اٹھانے کا مشورہ دیا تھا.
چونکہ سعودی عرب اور اس کے عرب اتحادی کانفرنس کو شک کی نظر سے دیکھ رہے تھے اس لئے حکومت کو یہ تجویز بھی دی گئی تھی کہ اس حوالے سے کھلے عام کوئی واضح موقف اختیار کرنے سے گریز کیا جائے.
بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم آفس نے دفتر خارجہ کی ایڈوائس کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان کی کوالالمپور سمٹ میں شرکت کی یقین دہانی کرا دی۔ اگر حکومت ان سفارشات پر توجہ دیتی تو پاکستان کو سبکی نہ ہوتی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو واضح الفاظ میں بتا دیا گیا تھا کہ اس کانفرنس میں شرکت کے نتیجے میں سعودی عرب سے ردعمل آئے گا۔ یہ بھی تجویز دی گئی تھی کہ پہلے کوالالمپور سمٹ کے مقاصد اور اہداف کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے.
حکام کے مطابق بدقسمتی سے ایسا کوئی ہوم ورک ہونے سے پہلے ہی وزیراعظم نے ملائشیا کو کانفرنس میں شرکت کیلئے اپنی رضامندی دیدی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیاہے کہ دفتر خارجہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ اس حکومت میں دفتر خارجہ کا پالیسی سازی میں کردار بہت کم ہے۔ خارجہ پالیسی کے حوالے سے زیادہ تر فیصلے حقیقت میں دفتر خارجہ سے مشاورت کے بغیر کئے جا رہے ہیں۔
یہ بات بھی رپورٹ کی گئی ہے کہ اکتوبر میں ملا عبدالغنی برادر کی قیادت میں افغان طالبان کے وفد کے دورہ اسلام آباد کے موقع پر بھی دفتر خارجہ کی تجویز کو نظر انداز کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے سینئر حکام اس دورے کو لو پروفائل اور میڈیا کی تشہیر سے دور رکھنا چاہتے تھے تاہم اس کے برعکس وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معمول سے ہٹ کر وفد کے استقبال کے لئے دفتر خارجہ پہنچ گئے۔
دفتر خارجہ کی طرف سے جاری تصاویر میں شاہ محمود اور اعلیٰ سکیورٹی حکام کو طالبان رہنماؤں سے بغلگیر ہوتے دکھایا گیا جو کہ کوتاہ اندیشانہ فیصلہ تھا جس سے یہ ظاہر ہوتا تھا کہ طالبان ہماری جیب میں ہیں۔ دفتر خارجہ کبھی اس طرح کا تاثر دینا نہیں چاہتا تھا۔
دفتر خارجہ کے بہت سے سینئر افسران اس حوالے سے پریشان ہیں ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی حماقتوں کی وجہ سے دفتر خارجہ کا تاثر مجروح ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا جب آپ کے وزیراعظم دفتر خارجہ کی مشاورت کے بغیر خارجہ پالیسی کے حوالے سے عجلت میں فیصلے کرینگے تو مشکل ہوگی۔
سابق سفیر عبدالباسط نے بھی کوالالمپور سمٹ کے معاملے کو ہینڈل کرنے کے حوالے سے حکومت کے انداز پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت نے اس کانفرنس میں شرکت کے فوائد اور نقصانات کا جائزہ لئے بغیر دعوت قبول کر لی۔