بالاکوٹ کے ایوب پل پراحتجاج اور دھرنا
بالاکوٹ (ویب ڈیسک) بالا کوٹ میں متاثرین سکی کناری ڈیم اور ایس کے ہائیڈرو کے سیکڑوں ورکرز کا احتجاج، صبح نو بجے سے ایو ب پل پردھرنا جاری، ناران کاغان سے آنے والے مسافر پھنس کررہ گے
بالا کوٹ کے ایوب پل پر متاثرین نے سکی کناری ڈیم اور چینی کمپنی کے ورکرز کا احتجاج گزشتہ چودہ گھنٹوں سے جاری ہے،رات سردی کے باوجود سیکڑوں مظاہرین پل پر دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مانسہرہ سے مزاکرات ناکام ہونے کے بعد مظاہرین مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا کہہ رہے ہیں۔ احتجاج کرنے والے متاثرین کی زمینیں ڈیم میں آ گئیں لیکن انھیں معاوضے نہیں ملے جب کہ چینی کمپنی کے ورکز بھی اجرتیں نہ ملنے پر سراپا احتجاج ہیں۔
مظاہرین کی بڑی تعداد احتجاج میں دیکھ کر سیاسی رہنما بھی سیاست چمکانے مظاہرین میں شامل ہوگئے، احتجاج میں اب تحصیل ناظم ابراہیم شاہ ، سابق صوبائی وزیر احمد شاہ اور مظہر قاسم بھی پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر سرداریوسف کے صاحبزادے شاجہان یوسف جن کا اس احتجاج سے کچھ لینا دینا ہی نہیں ہے وہ بھی احتجاج میں شریک ہوگئے ہیں۔
صبح سے ہزاروں مسافر پل بند ہونے کے باعث کاغان ، ناران ، شوگراں ، کوائی نہیں جاسکے جب کہ اس طرف سے آنے والے لوگ پل کے پار سیکڑوں گاڑیوں میں سڑک کھلنے کے منتظر رہے۔تاحال دھرنا جاری ہے۔