ماضی میں حکومتی سرپرستی میں جنگلات کٹتے رہے، وزیراعظم
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ماضی میں جنگلات اس لئے کٹتے رہے کہ ٹمبر مافیا کو حکومت کی سرپرستی حاصل تھی ہم نے جب بلین ٹری منصوبہ خیبرپختونخواہ میں شروع کیا تو ہمارے لئے بھی ٹمبر مافیا مشکلات کاباعث رہا۔
وزیرعظم اسلام آبادمیں ساتویں ایشین ریجنل کنزرویشن کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کررہے تھے، انھوں نے کہا ہماری حکومت نے پہلی بار بڑے پیمانے پر ماحولیاتی تحفظ کے لیے قدم اْٹھایا ہے، بلکہ شجر کاری کو ترجیحات میں شامل کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 2013 میں خیبرپختونخوامیں بلین ٹری سونامی منصوبے میں ٹمبر مافیا سب سے زیادہ مشکلات کا باعث بنا تھا اور محکمہ جنگلات کے 10 اہلکار قتل کردیے گئے جس پر پہلے ہم نے اس مافیا کو قابو کیا۔
عمران خان نے کہا لاہور بھی آلودہ شہر بن چکا ہے اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ 10 سال کے دوران شہر اور گردو نواح سے 70 فیصد درخت کاٹ دیے گئے جس کی وجہ سے آلودگی میں اضافہ ہو گیا۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ملک میں ماحول کی حفاظت حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان اس حوالے سے بڑی مہم چلائیں گے اورماحولیاتی تحفظ کو نصاب کا حصہ بھی بنایا جائے گا
انھوں نے کہاکہ پاکستان ایک متنوع ملک ہے جس کے صحرا سے ہمالیہ کے جنگلات تک 12 ماحولیاتی زون ہیں جو دنیا میں نایاب ہیں تاہم آبادی میں اضافے اور ماضی میں ماحول کے تحفظ میں عدم دلچسپی کے باعث جنگلی حیات اورجنگلات تباہ ہورہے ہیں۔
عمران خان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے 10 ارب پودے لگانے کا منصوبہ شروع کیا ہے، اس سال ہم ملک بھر میں شجرکاری کی بڑی مہم شروع کریں گے جس کے لیے پہلے سال میں نرسریوں اور بنیادی ڈھانچے سمیت ضروری منصوبہ بندی کرلی ہے۔