دھرنا اٹھنے کا فیصلہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کرے گی، مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد( ویب ڈیسک)جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعدکہا ہے کہ اب دھرنا اٹھنے کا فیصلہ رہبر کمیٹی کرے گی۔
اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعد دھرنا کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کل بعض لوگوں کے چہروں پر مایوسی تھی آج اپوزیشن نے ساتھ چلنے اور متفقہ فیصلے کرنے کی یقین دہانی کرا کر آپ کا گلہ دور کردیاہے۔
مولانا فضل الرحمان کے مظاہرین سے خطاب کے برعکس اپوزیشن جماعتوں کی تین گھنٹے تک جاری رہنے والی اے پی سی میںاپوزیشن جماعتوں میں باہمی رابطوں اور متفقہ فیصلوں کا فقدان نظر آیا، تین دن پہلے کہا گیافیصلہ کارکن کریں گے آج فیصلہ رہبر کمیٹی کو دے دیاگیا۔
اجلاس میں تین بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی سرے سے شریک ہی ہوئے اور مختلف حیلے بہانوں سے معذرت کردی۔
مولانا فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن سے اپنی پوزیشن واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔ جے یو آئی (ف) سربراہ کا کہنا تھا کہ عوام کی آنکھوں میں دھول نہ جھونکیں، خلوص دل سے حکمت عملی بنائیں، ہم ہراول دستہ ہوں گے۔
اے پی سی میں حکومت کیخلاف آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے مشاورت ہوئی، اجلاس میں بلال بھٹو زرداری اور شہباز شریف سمیت 5 جماعتوں کے سربراہان نے شرکت نہیں کی، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے نمائندگان اجلاس میں شریک ہوئے۔
ا±نہوں نے دونوں جماعتوں سے سوال کیا کہ کیا احتجاج کا فیصلہ صرف جے یو آئی (ف) کا تھا؟، خدارا عوام کی آنکھوں میں دھول نہ جھونکیں، خلوص دل سے حکمتِ عملی بنائیں۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے نمائندگی سینئر رہنما نیئر بخاری، نوید قمر، راجہ پرویز اشرف اور فرحت اللہ بابر، جب کہ ن لیگ کی جانب سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور ڈاکٹر عباد اے پی سی میں شریک ہوئے۔