سپراوور کا قانون آئی سی سی نے تبدیل کردیا
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)سپر اوور کا قانون انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تبدیل کردیا اب میچ دوسری دفعہ بھی برابر رہا تو سپر اوور کے بعد ایک اور سپراوور ہو گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سپر اوور کے قانون میں تبدیلی کردی جس کے بعد زیادہ باوٴنڈریز پر ٹیم کو فاتح قرار دینے کا قانون ختم ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سپر اوور میں زیادہ رنز بنانے والی ٹیم اب فاتح ہوگی، سپر اوور میں میچ برابر رہا تو ایک اور سپر اوور کرایا جائے گا۔
واضح رہے کہ لارڈز میں کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل کے آخری اوور میں انگلینڈ کو 15 رنز درکار تھے، بین اسٹوکس 14 رنز بناسکے اور میچ برابر ہوگیا تھا۔
اس کے بعد سپر اوور میں میچ کا فیصلہ ہونا تھا، سپر اوور میں انگلینڈ نے 15 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو 16 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی 15 رنز بناسکی اور میچ برابر ہوگیا، جس کے بعدزیادہ باوٴنڈریز پر انگلینڈ کو ورلڈ کپ فائنل کا فاتح قرار دیا گیا تھا۔
زیادہ باوٴنڈریز پر انگلینڈ ٹیم کی جیت کو مداحوں کی جانب سے متنازع قرار دیا جارہا تھا اور آئی سی سی پر شدید تنقید کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ ایسے ہی قومی ٹیم ورلڈ کپ 2019 میں بڑی ٹیموں کو ہرانے کے باوجود رن ریٹ کی بنیاد پر 5ویں نمبر پر آئی تھی اور سیمی فائنل کھیلنے سے محروم رہی تھی۔