افغان طالبان کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ،مزاکراتی عمل بحالی پراتفاق
اسلام آباد (ویب ڈیسک)پاکستان آئے ہوئے افغان وفد کی دفتر خارجہ میں ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں افغان طالبان اور شاہ محمود کی قیادت میں پاکستانی حکام سے ملاقات ہوئی ہے جس میں افغان امن عمل مذاکرات کی بحالی پر اتفاق ہوگیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ طالبان وفد نے افغانستان میں امن کے لئے پاکستان کے تعاون کو سراہا اور دونوں فریقین نے امن عمل کو جلد از جلد بحال کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
افغان طالبان کے وفد نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن زلمے خلیل زاد سے پاکستان میں ملاقات پر بھی رضامندی ظاہر کی ، ملاقات میں خطے کی صورتحال اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات ہیں، 40 سال سے افغانستان میں عدم استحکام کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، پاکستان سمجھتا ہے جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، افغانستان میں قیام امن کیلئے مذاکرات ہی واحد راستہ ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا دنیا افغانستان پر ہمارے موقف کی تائید کر رہی ہے، پاکستان 40 سال سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے، افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کے تحت کردار ادا کیا، پر امن افغانستان خطے کے امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس دوران کہا کہ پاک افغان برادرانہ تعلقات، مذہبی ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں، چالیس برس سے افغانستان میں عدم استحکام کا خمیازہ دونوں ممالک بھگت رہے ہیں، پاکستان صدق دل سے سمجھتا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔
انھوں نے کہا ہماری خواہش ہے فریقین مذاکرات کی جلد بحالی کی طرف راغب ہوں، مذاکرات سے پائیدار امن و استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔
مذاکرات میں پاکستانی وفد کی نمائندگی وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کی جب کہ 12 رکنی طالبان وفد کی قیادت ملا عبدالغنی برادر نے کی۔ دفتر خارجہ میں یہ ملاقات ڈیڑھ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی جس میں معطل افغان امن مذاکرات کی بحالی سمیت دیگر معاملات پربات چیت کی گئی۔
ادھر اسلام آباد میں موجود امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا امریکی قیادت افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ زلمے خلیل زاد نے امریکا اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کرانے کے لیے سہولت کاری پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ بھی ادا کیا۔