ملتان سلطانز نے زلمی کو 19 رنز سے ہرادیا
اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ تھری کے 16ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 19 رنز سے شکست دے دی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے 184 رنز کا ہدف دیا تاہم جواب میں پشاور زلمی صرف 164 رنز ہی بناسکی۔
زلمی کی جانب سے محمد حفیظ نے 41 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ 17 گیندوں پر 32 رنز بنائے تاہم اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرواسکے۔
پشاور زلمی کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین آندرے فلیچر تھے جو 11 رنز بناکر سہیل تنویر کی گیند پر آؤٹ ہوئے تاہم اس سے قبل وہ ٹورنامنٹ کا سب سے لمبا چھکا لگاگئے۔
فلیچر کے بعد وکٹ کیپر کامران اکمل بھی زیادہ دیر کریز پر قیام نہ کرسکے اور محمد عرفان کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ملتان کے بولرز کی جانب سے شاندار گیند بازی کا سلسلہ جاری تھا اور پشاور کے مطلوبہ رن ریٹ میں اضافہ ہورہا تھا۔ ایسے میں ڈوئن اسمتھ نے کیرون پولارڈ کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش کی تاہم براوو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
رکی ویسلز نے محمد حفیظ کا ساتھ دیا تاہم محمد عرفان کی اٹھتی ہوئی گیند پر پوائنٹ پر موجود فیلڈر احمد شہزاد کو کیچ دے کر آؤٹ ہوگئے۔
حفیظ کو کریز پر لائم ڈوسن نے جوائن کیا اور انہوں نے 32 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد زلمی کی اننگز اختتام کی جانب بڑھنے لگی۔
ڈوسن کے بعد حماد اعظم اور حسن علی بھی جلد آؤٹ ہوگئے جبکہ حفیظ بھی زلمی کی اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہوگئے اور 19 رنز سے فتح ملتان سلطانز کے نام رہی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر اور کیرون پولارڈ نے تین، تین جبکہ محمد عرفان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود کی تباہ کن اننگز کی بدولت ملتان سلطانز نے ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مجموعہ 183 رنز بناڈالا۔
ملتان کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز کمار سنگاکارا تھے جو 28 رنز بناکر لائم ڈوسن کی گیند کا شکار بنے جبکہ احمد شہزاد اپنی روایتی سست رفتار اننگز (37 گیندوں پر 37 رنز) کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے۔
اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز کپتان شعیب ملک تھے جو عمید آصف کی گیند پر مڈ وکٹ پر گیند کو باؤنڈری کے پار لگانا چاہتے تھے تاہم حسن علی کو کیچ دے بیٹھے۔
تاہم دوسرے اینڈ سے صہیب مقصود کے بلے سے رنز آتے رہے۔ 42 گیندوں پر 85 رنز کی جارحانہ اننگز میں صہیب مقصود نے 7 شاندار چھکے اور چار چوکے لگائے۔
کیرون پولارڈ نے بھی صہیب کا بھرپور ساتھ دیا اور 8 گیندوں پر 16 رنز کی اننگز کھیلی۔پشاور زلمی کی جانب سے لائم ڈوسن اور عمید آصف نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین روانہ کیا۔
میچ وننگ اننگز کھیلنے پر صہیب مقصود کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
فتح کے نتیجے میں ملتان سلطانز کے 6 میچوں میں 9 پوائنٹس ہوگئے اور یہ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر ہے جبکہ پشاور زلمی ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔
بدھ کو ملتان سلطانز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف مدمقابل ہوں گے۔