وزیراعظم عمران کا سعودی ولی عہد سے ٹیلی فونک رابطہ،مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال سےآگاہ کیا۔
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ، مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال سےآگاہ کیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان نے بھارتی اقدامات اور مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر بھی بات چیت کی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بھارت نے صدارتی حکم نامے کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا تھا۔
گزشتہ روز راجیہ سبھا کے بعد بھارتی لوک سبھا نے بھی آرٹیکل 370 ختم کرنے کی منظوری دیدی تھی۔
پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے واقعے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ ا جلاس سے خطاب میں کہا تھاپاکستان ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ لڑے گا، سربراہان مملکت سے بات چیت کی جائے گی۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں معاملہ اٹھایا جائے گا، عالمی عدالت انصاف میں بھی کیس لے کر جائیں گے۔