ایف سی بلوچستان پردہشتگردوں کا حملہ، کیپٹن سمیت 4جوان شہید
فوٹو: آئی ایس پی آر
راولپنڈی (ویب ڈیسک) ایف سی بلوچستان کے اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے میں افسر سمیت 4 جوان شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق ایف سی اہلکار بلوچستان میں ہوشاب اور تربت کے درمیانی علاقے میں کامبنگ آپریشن میں مصروف تھے کہ اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں افسر سمیت 4 اہلکار شہید ہو گئے۔
دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں کیپٹن عاقب جاوید، سپاہی نادر، سپاہی حفیظ اللہ اور سپاہی عاطف الطاف شامل ہیں۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت خطے میں امن کے لیے پاکستان کی قربانیاں ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کوششوں سے قبائلی علاقوں کی صورت حال بہتر ہوئی، اب توجہ سرحدی صورت حال بہتر کرنے پر مرکوز ہے۔
میجر جنرل آصف غفور نے مزید بتایا کہ دشمن عناصر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ کوشش انشاء اللہ ناکام ہو گی۔
شمالی وزیرستان میں بھی سرحد پار سے دہشت گردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کر کے پاک فوج کے 6 جوانوں کو شہید کیا۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ شہید فوجی جوانوں کو خراچ عقیدت پیش کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ تمام شہدا کے درجات بلند فرمائے، شہید جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا