مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے انمول فائدے
مقصود منتظر
مہنگائی اور لوڈشیڈنگ پاکستان میں اردو ڈکشینری کے انتہائی پاپولر الفاظ بن چکے ہیں ۔۔ چہار سو انہی کی گونج ہے۔ گھروں میں بھی ان کا ذکر ہوتا ہے اور بڑے ایوانوں میں بھی چرچے ۔ گوگل پر سرچ کرو تو لنکس کا ایسا دریا سامنے آتا ہے جو سالہا سال کراچی سے کشمیر تک ، زور و شور سے ہہتا رہتا ہے ۔۔
ان دونوں الفاظ یا دونوں کیفیات کا سنتے ہی ذہن پر بھاری ہتھوڑا چلنا شروع ہوجاتا ہے جو انسان کی رہی سہی خوشی یا رہا سہا سکھ چین چھین لیتا ہے۔۔انسان کے اندر نگیٹیو فیلنگز ٹھاٹھیں مارنے لگتی ہیں۔۔
قارئین یہاں آپ کو اپ ڈیٹ کرنا چاہوں گا کہ نئی حکومت نے چونکہ محترمہ مہنگائی کا نیا نام ۔۔ مشکل فیصلے۔۔ رکھا ہے(یعنی فی میل سے میل ورجن ) لہذا جہاں یہ الفاظ ملیں گے انہیں مہنگائی ہی تصور کیا جائے ۔۔۔
آیئے اب فوائد کی جانب بڑھتے ہیں ۔۔۔
لوڈشیڈنگ یعنی بجلی کی آنکھ مچولی ۔۔
یہ وہ سلسلہ ہے جو گرمیوں میں سست پڑے انسانوں کو تگنی کا ناچ نچاتے ہوئے جسم کو چست اور تندرست بناتا ہے ۔۔۔
شدید گرمی اور حبس زدہ دنوں میں جب بتی گُل ہوجاتی ہے اور پنکھے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں تو پسینے سے شرابور آدمی میں صبر کا پیمانہ کئی درجہ تک بڑھ جاتا ہے ۔۔
لوڈشیڈنگ آدمی کو ایک جگہ ٹکنے نہیں دیتی ۔۔ ایسے میں 40 سال سے زائد عمر کے لوگوں کو گھر کے اندر ہی سہی لیکن اچھل کود کا موقع ملتا ہے۔ اور یہ اچھل کود شوگر ، بی پی اور دیگر امراض کیلئے مفت اور مفید دوا ہے ۔۔
گلی محلے میں جب گھپ اندھیرا چھا جاتا تو نئے نویلے عاشقوں کی جیسی عید ہوجاتی ہے ۔۔ کیونکہ اس دوران انہیں محبوبہ کی دید جو نصیب ہوجاتی ہے ۔۔
بجلی کی طویل بندش کی بدولت ہی مشینوں ، پنکھوں ، ٹی وی ، موبائلز کے شور سے بھی وقتی طور آزادی مل جاتی ہے ۔۔۔
ٹی وی چینلز پر دماغ چاٹنے والے سیاسی شوز اور سیاسی دانوں کی گسی پٹی اور منحوس باتوں سے بھی وقتی راحت مل جاتی ہے۔۔
جن علاقوں میں طویل ترین لوڈشیڈنگ ہوتی ہے وہاں پہنچے ہوئے لوگ اس دوران مراقبہ بھی کرتے ہیں ۔۔
یہ لوڈشیڈنگ ہی وہ قیمتی اور انمول مہم ہے جس کے ذریعے مملکت خداداد میں بڑھتی آبادی کے زور دار بہاؤ میں کچھ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔۔۔ میل۔۔ فی میل کے میل جول میں ٹھہراؤ جو آجاتا ہے ۔۔۔
اور تو اور ۔۔۔ لوڈشیڈنگ کے باعث مہنگی ترین بجلی بھی کم خرچ ہوتی ہے اور بھاری بھرکم بل سے بھی کسی حد تک نجات ملتی ہے ۔۔
چلیے اب بڑھتے ہیں محترمہ مہنگائی کے فوائد کی جانب۔۔
مشکل فیصلے ۔۔ یعنی۔۔ راج دلاری مہنگائی ۔۔ بھی ایک عذاب ہے لیکن اس کے بھی چند فائدے ضرور ہیں ۔۔ جو میں دل جلے لوگوں سے معذرت کے ساتھ رقم کررہا ہوں ۔۔
مہنگائی آپ کم سے کم بجٹ میں گھر چلانے سکھاتی ہے ۔۔
مشکل فیصلے کی بدولت ہی بندہ دو پراٹھوں اور دو دو انڈوں کے بجائے ایک ایک پر ہی اکتفا کرتا ہے جو صحت کیلئے اچھا ہے بالخصوص چالیس والے بابوں کیلئے ۔۔
کٹوں اور بکروں کی نلیاں ، گائے بھینس اوردم کے لنگ ۔۔ مرغی کے لگ اور چسٹ پیسز کے کئی کئی حصے کرکے ۔۔ شیئرنگ از کیرنگ ۔۔ کے اصول پرعمل ہوجاتا ہے ۔۔
مہنگائی ۔۔ فضول خرچ سے بچاتی ہے جو عین شریعت ہے ۔۔ یعنی عین عبادت ہے
مہنگے فیصلے ۔۔ آپ کو سیر سپاٹوں ۔۔ شادی بیاہ کی تقریبات میں شاہ خرچیوں سے بھی دور رکھتے ہیں ۔۔
رشتہ دار آنے سے کتراتے ہیں اور آپ دعوت کے باجود ان کی طرف نہیں جاتے ہیں ۔۔ یوں گھروں میں توازن برقرار رہتا ہے ۔۔۔ یعنی لڑائی جھگڑوں سے مُکتی ملتی ہے ۔۔
منہ زور وزیر داخلہ محترم بیگم صاحبہ کی زبان پر تالے چڑھانے کا بہترن نسخہ بھی محترمہ مہنگائی ہی ہے ۔۔
جب بھی کوئی فرمائش کرے ۔۔ ادھرسے یوٹیلیٹی اسٹوز کے بل تھما دیں ۔۔ بجلی کے بل پکڑا دیں یا پھر اسکول فیس کی رسید دکھا دیں ۔۔۔
اور ساتھ یہ جملے بار بار دہرائیں ۔۔ بیگم ۔۔ مشکل فیصلے مشکل فیصلے مشکل فیصلے ۔۔۔
شکریہ شہباز شریف ۔۔۔۔
(نوٹ ۔۔۔ یہ تحریر ان کیلئے نہیں جو جون جولائی میں بھی پنٹ کوٹ پہنتے ہیں ۔۔ یعنی ہمارے گناہوں کیسزا۔۔۔ امیر)
گاڑی یاموٹرسائیکل پر سفر کی بجائے پیدل چلنے کی ترجیح بڑھ جاتی ہے یوں سفر کا سفر اور واک کی واک ہو جاتی ہے.
Comments are closed.