عوامی مارچ کا آج ڈی چوک پہنچنے کا اعلان، انتظامیہ سے معاملات طے ہو گئے

فوٹو : ٹوئٹر

گوجر خان(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پیپلزپارٹی کےعوامی مارچ کا آج ڈی چوک پہنچنے کا اعلان، انتظامیہ سے معاملات طے ہو گئے، نیر بخاری کے مطابق ڈی چوک سے قبل ایکسپریس چوک میں جلسہ ہو گا.

عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ منگل کی صبح روات سے نکل کر اسلام آباد کے ڈی چوک جائیں گے، عدم اعتماد کا وقت آچکا ہے، آپ پر ایسا جمہوری حملہ کریں گے کہ زندگی بھر نہیں بھولیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو خبردارکرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان! ابھی بھی وقت ہے، استعفیٰ دے دو اور آؤ ہمارا مقابلہ کرو۔ انہوں نے کہا کہ جیالوں کا لشکر آرہا ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ ریلیف غریب لوگوں کو نہیں بلکہ ارب پتی افراد کو دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ کے لوگوں کے لئے ایمنسٹی اسکیم لائی گئی جب کہ صنعتکاروں کے لئے بھی کچھ دن قبل ایمنیسٹی اسکیم لائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی غریب آدمی کو اکیلا نہیں چھوڑا، ہم نے معاشی بحران میں خواتین کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام دیا، ریٹائرڈ افراد کی پینشن میں سو گنا اضافہ کیا. اورتنخواہوں میں بھی 100 فیصد اضافہ کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نئے پاکستان میں ہر طبقے کا معاشی قتل ہو رہا ہے، کسانوں کو فصل کی قیمت نہیں مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ 16 ہزار سرکاری ملازمین کو بے روزگار کر رہے تھے مگر ہم نے اپوزیشن میں ہوتے ہوئے ان 16 ہزار افراد کی نوکریاں بچائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں، ہر حال میں لوگوں کو روزگار فراہم کرتے ہیں۔ ان کا استفسار تھا کہ غریب اور نوجوانوں کے لیے ریلیف کہاں ہے؟

انہوں نے کہا کہ اسٹیل ملز کے 10 ہزار مزدوروں کو بے روزگار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کے لیے ایک قانون اور سب کے ساتھ برابری کا سلوک ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم الیکشن میں آئیں، ہمارا مقابلہ کریں، انہیں پتہ لگ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مارچ سے اسلام آباد والے گھبرا گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے سامنے آئیں گے تو وہ ان کے مسائل بھی حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خان ایمپائر کی انگلی کی وجہ سے اقتدار میں آئے ہیں اور جاتے جاتے بھی عوام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ روز ہماری موجودگی سے لاہو رگونج اٹھا اوراب ہم اسلام آباد کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے پاس 24 گھنٹے ہیں ، فوری استعفیٰ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو پتہ لگ جائے گا کہ عوام کس کےساتھ ہیں؟

چیئرمین پی پی نے کہا کہ حکومت کا ہروعدہ جھوٹا ثابت ہوا، آئی ایم ایف سے ڈیل کر کے ملک کو مشکل سے دوچار کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ملک میں مہنگائی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں صاف و شفاف الیکشن کرانے ہیں۔

عوامی مارچ کے آصفہ بھٹو نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت نے مہنگائی کر کے عوام کا جینا محال کردیا وقت آگیا ہے کہ عوام کو اس حکومت سے نجات دلائی جائے.

Comments are closed.