موجودہ حکومت عوام اور ملک پر بوجھ بن چکی ہے ، شہبازشریف
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہو رہے ہیں، آٹا چینی اور دال 20 ہزار روپے ماہانہ کمانے والے کنبے کی پہنچ سے دور ہوچکے ہیں.
قومی اسمبلی میں مہنگائی پربات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ریاستِ مدینہ میں تو کوئی رات کو بھوکا نہیں سوتا تھا اور سب کے حقوق محفوظ تھے لیکن موجودہ حکومت آج ملک پر بھاری بوجھ بن گئی ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا ہم نے اس وقت ہی کہہ دیا تھا کہ بجٹ سراسر فراڈ ہے اسی لئے ایک کے بعد ایک مِنی بجٹ آرہا ہے ، پٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل دس سے بارہ روپے تک مہنگا کردیا گیا۔
انھوں نے سوال کیا کہ اگر تنخواہ 20 ہزار ہو اور بجلی کی بل 10 ہزار آجائے تو گزارہ کیسے ہو؟ شہبازشریف نے یہ بھی یاد دلایا کہ
عمران خان نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر ایک روپیہ کم ہوجائے تو وہ حکومت اور وزیراعظم چور ہیں.
انھوں نے پھر پوچھا اگر ادویات کی قیمت میں 500 فیصد اضافہ ہوجائے تو آپ بتائیں آپ اس حکومت کو کیا کہیں گے؟ اگر ڈالر روپے کے مقابلے میں 40 فیصد اوپر چلا جائے تو اس حکومت کے بارے میں آپ کیا کہیں گے؟
شہبازشریف نے کہا کہ یہ 74سال کی بدترین حکومت آئی ہے، جس نے عوام کا جینا چھین لیاہے، آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے انہوں نے ایڑھی چوٹی کا زور لگا دیا، خبریں آرہی ہیں کہ آئی ایم ایف ابھی بھی راضی نہیں ہوا ہے.
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے طوفان کا مقابلہ کرنے کا وقت آگیا ہے، پی ڈی ایم آج مہنگائی کے خلاف احتجاج کےشیڈول کا اعلان کرے گی، ملک گیرمہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔
مشترکا پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ن لیگ نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، لوگ ایک وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، مہنگائی کا سیلاب عوام کو ڈبو رہا ہے۔
Comments are closed.