ڈالر کی اونچی اڑان جاری، ایک دن میں 2 روپے 6 پیسے اضافہ

کراچی: ڈالر کے بے قابو ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور ڈالر ایک دن میں 2 روپے 6 پیسے مہنگا ہو گیا ہے ، انٹر بینک کے نرخ 173 روپے 24 پیسے تک پہنچ گئے ہیں.

ڈالر کی قدر میں اضافہ کے نتیجے میں ڈالر کے انٹربینک نرخ 173 روپے سے بھی تجاوز کرگئے اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 2.06 روپے کے اضافے سے ڈالر کے قیمت 173.24 روپے کے ساتھ بلند سطح پر پہنچ گئی۔

ڈالر کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ، خام کی عالمی قیمت میں اضافے سے درآمدی بل اور مہنگائی میں مزید اضافے جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ڈالر کی اڑان کا سلسلہ جاری رہا۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق بین الاقوامی سطح پر خام تیل سمیت دیگر اہم کموڈٹیز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پاکستان کے  درآمدی بل کے حجم میں نمایاں اضافے کے خطرات ہیں.

اس کے ساتھ ساتھ مہنگائی کی شرح میں بھی اضافے کے خدشات ہیں جس سے انٹربینک مارکیٹ میں درآمدی ضروریات کے لیے ڈالر کی طلب بڑھتی جارہی ہے اور ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان ہے۔

صورتحال سے نکلنے کیلئے اسٹیٹ بینک کے نئے اقدامات اور ایکس چینج کمپنیوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں اوپن مارکیٹ سے افغانستان کو ڈالر کی اسمگلنگ پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے.

حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری مذاکرات میں تاحال قرض پروگرام کی بحالی سے متعلق کوئی واضح اشارہ سامنے نہ ملنا بھی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی اڑان بے لگام ہونے کی ایک وجہ ہے۔

Comments are closed.