مشن ورلڈ کپ کی پہلی مشق کامیاب، کالی آندھی کو زیر کرلیا

دبئی(سپورٹس ڈیسک)متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے ہرا کر حریفوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ 

یہ میچ دبئی میں کھیلا گیا جہاں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پاکستانی پیس بیٹری کے سامنے ویسٹ انڈیز بے بس دکھائی دئیے. 

پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی، حسن علی، حارث رؤف نے دو دو جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی، ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر صرف 130 رنز بناسکی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمرون ہیٹمیئر 28، کیرون پولارڈ 23 اور کرس گیل 20 رنز بنا کر نمایاں رہے، پاکستان نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز کے ہدف 16ویں اوور میں پورا کرلیا۔  

کپتان بابر اعظم نے نصف سنچری اسکور کی

فخر زمان نے 24 گیندوں پر 46 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، محمد رضوان نے 13 رنز بنائے جبکہ شعیب ملک 14 رنز پر ناقابلِ شکست رہے۔ 

ویسٹ انڈیز کے ہیڈن والش نے 2 جبکہ روی رامپال نے ایک وکٹ حاصل کی، پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا دوسرا وارم اپ میچ 20 اکتوبر کو جنوبی افریقہ سے کھیلے گی۔

 پاکستان مشن ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف اپنے پہلے میچ سے کرے گی جس کے لیے کھلاڑیوں کی طرح شائقین بھی پرجوش ہیں. 

Comments are closed.