بھارتی کرکٹر یوسف پٹھان نے کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا
نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک )بھارتی کرکٹ ٹیم میں اپنے جارحانہ بیٹنگ سے دھوم مچانے والے یوسف پٹھان نے تما م طرز کی کرکٹ کو خیر باد کہہ دیاہے۔
یوسف پٹھان نے اپنے بیان میں کہا کہ وقت آگیا ہے کہ میں اپنی زندگی کی اس اننگز پر فل اسٹاپ لگاؤں لہٰذا میں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کرتا ہوں۔
38 سالہ بیٹسمین کی ریٹائرمنٹ پر سچن ٹندولکر سمیت دیگر کرکٹرز نے ان کی خدمات کا اعتراف کیا ہے، یوسف پٹھان اور عرفان پٹھان کی بھائیوں کی جوڑی نے بھارتی ٹیم میں کافی عرصہ تک ایک ساتھ بھی کرکٹ کھیلی ہے۔
یوسف پٹھان کے چھوٹے بھائی عرفان پٹھان اپنے بڑے بھائی یوسف پٹھان سے پہلے بھارتی ٹیم کا حصہ بنے تھے تاہم ان دنوں کافی عرصہ سے وہ بھی بھارتی ٹیم سے باہر ہیں تاہم لیگز کھیلتے ہیں۔
یوسف پٹھان نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2007 کے فائنل میں پاکستان کیخلاف میچ میں ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد انہوں نے 57 ون ڈے، 22 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔
یو سف پٹھان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2007 اور ون ڈے ورلڈ کپ 2011 کی فاتح بھارتی ٹیم کا حصہ رہے۔ یوسف کا کہنا تھا کہ دو بار ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہنا اور سچن ٹنڈولکر کو اپنے کندھوں پر اٹھانا میرے کیریئر کے یاد گار لمحات ہیں۔