کوالالمپورکانفرنس میں عدم شرکت پرمعذرت، مسلم امہ تقسیم نہیں ہوئی،عمران خان

0

فوٹو : سوشل میڈیا

پتراجایا(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان اور ملائیشیئن وزیراعظم مہاتیرمحمد میں ملاقات و مزاکرات میں پاکستان اورملائیشیانے مضبوط اقتصادی شراکت داری کے قیام اورامت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ملکر کام کرنے پراتفاق کیاہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیئن وزیراعظم مہاتیرمحمد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ملائیشیا کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کومستحکم بنانا ہے.

انھوں نے کہا ہمارے عوام کے درمیان گہرے تعلقات ہیں جبکہ سرمایہ کاری اور تجارت کا مستقبل بھی بہت شاندار ہے، اسلام کا حقیقی تشخص اجاگرکرنے کے لیے بھی دونوں ممالک کام کررہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوالالمپورکانفرنس میں عدم شرکت پرمعذرت خواہ ہیں اور یہ غلط تاثرتھا کہ کوالالمپور کانفرنس سے مسلم امہ تقسیم ہوجائے گی، کوالالمپورکانفرنس میں عدم شرکت پرمعذرت خواہ ہیں.

عمران خان نے کہا مہاتیرمحمد کو کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا، مقبوضہ کشمیرکی صورتحال انتہائی سنگین ہے، سیاسی رہنماؤں اور نوجوانوں کوگرفتارکیا جارہا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیرسے متعلق ملائیشین وزیراعظم کےمؤقف کے مشکورہیں، اس پر بھارت نے ملائیشیا کا پام آئل بھی بند کردیا، پاکستان سی پیک کےذریعے چینی مارکیٹ سے منسلک ہوگیا ہے اورپام آئل کی فروخت میں ملائیشیاکی مددکریگا۔

ملائیشین وزیراعظم مہاتیرمحمد نے کہا کہ مسلم امہ میں یکجہتی کے فروغ کیلئے دونوں ممالک ایک دوسرے سے تعاون کریں گے، پاکستانی وزیراعظم سے باہمی تعاون سے متعلق جامع مذاکرات پربات چیت ہوئی اور ہرسطح پررابطوں کے فروغ پراتفاق کیا گیا۔

مہاتیرمحمد نے مزید کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا گیا، تجارتی رکاوٹیں دورکرکے باہمی تجارت کے فروغ پراتفاق کیا گیا، سیاحت، تعلیم، دفاع اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون بھی بڑھایا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمان ملکوں کےلئے یہ بہت اہم ہے کہ حقیقی اسلامی تعلیمات کاپرچار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مشترکہ ذرائع ابلاغ کےلئے کام کررہے ہیں جس سے نہ صرف اسلام کا مثبت تشخص اجاگر اور اسلام سے متعلق منفی تاثر ختم کیا جائے بلکہ مسلمانوں کی نوجوان نسل کو بھی اسلام کے بارے میں تعلیم دی جائے۔

ڈاکٹر مہاتیر محمد نے واضح کیا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کثیر الجہتی تعلقات ہیں اور وزیراعظم عمران خان کا دورہ ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.