پاکستانی کرکٹرز کو ٹی 10 لیگ میں شرکت سے روک دیا گیا
لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹرز کو ٹی 10 لیگ میں شرکت سے روک دیا، ترجمان پی سی بی کہتے ہیں این او سی واپس لینے کا فیصلہ پریمیئر کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی میں شرکت کے باعث کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کے ورک لوڈ اور قومی ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی میں شرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو جاری کئے گئے مشروط این او سی منسوخ کردئیے گئے ہیں، یہ فیصلہ کھلاڑیوں اور ڈومیسٹک کرکٹ کے وسیع تر مفاد کیلئے کیا گیا۔
ٹی 10 لیگ دبئی میں 15 نومبر سے شروع ہوگی، جس میں پاکستان کے 15 سے 16 کھلاڑیوں کو شرکت کرنا تھی،بورڈ نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی 10 لیگ کا پی سی بی کے منعقدہ کئی ایونٹس سے ٹکراوٴ ہو رہا ہے۔
جن میں 13 سے 25 نومبر تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کا فٹنس و میڈیکل اسسمنٹ کیمپ، قائد اعظم ٹرافی کے 11 نومبر سے 5 دسمبر تک جاری رہنے والے 10 راوٴنڈ میچز اور 9 سے 13 دسمبر تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا 5 روزہ فائنل مقابلہ بھی شامل ہیں۔
پندرہ نومبر سے ابوظہبی میں شروع ہونے والی ٹی 10 لیگ میں پاکستان کے 16 کرکٹرز نے شرکت کرنا تھی جس میں 14 کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی ہیں، عمران نذیر اور شاہد آفریدی دونوں پی سی بی سے کسی معاہدے میں نہیں اس لیے ان پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کا اطلاق نہیں ہوتا۔
اس فیصلے کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان قلندرز کی ٹیم کو ہوگا جس کے متعدد کھلاڑی لیگ میں شرکت نہیں کرپائیں گے، قلندرز کے جو کھلاڑی اس فیصلے سے متاثر ہوئے ہیں ان میں محمد حسنین ، عماد وسیم، فہیم اشرف اور مرزا احسن شامل ہیں ۔
دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں محمد عامر ابو ظہبی، شعب ملک، سہیل تنویر اور عامر یامین دلی بلز کا حصہ تھے۔ محمد عرفان مراٹھا عریبین، انور علی دکن گلیڈی ایٹرز اور وہاب ریاض ناردن واریئرز کی جانب سے منتخب ہوئے تھے۔
پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور صحت کا جائزہ لینے کے لیے 13 سے 25 نومبر تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کیمپ ہو گا جب کہ قائداعظم ٹرافی کے ساتویں اور دسویں راوٴنڈ کے میچز 11 نومبر سے 5 دسمبر کے درمیان جاری رہیں گے۔