وفاقی بجٹ 27اپریل کو پیش ہوگا، مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)حکومت نے وفاقی بجٹ 27 اپریل کو پیش کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ مشیر خزانہ نے کہا ہے کہ ترقی کی شرح 6 فیصد تک پہنچے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفاقی بجٹ 27 اپریل کو پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہو جائے گی جبکہ ترقی کی شرح 6 فیصد تک پہنچے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی بجٹ پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی ہے۔
مفتاح اسماعیل نے پانچ سالہ حکومتی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا ایک سال میں نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں 312 ارب کا اضافہ ہوا۔ گزشتہ 5 سال میں 12 ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کی۔ بل کی مکمل ادائیگیوں والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ 5 سال میں صنعتی صارفین کیلئے گیس کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں۔ 2013ء میں پٹرول 106.60 روپے اور آج 88.07 روپے ہے۔ ڈیزل 113 روپے فی لیٹر سے کم کر کے 98 روپے تک لائے ہیں۔