ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے خشک سالی خاتمہ ، برفباری سے ہر منظر حسین ہو گیا

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد:ملک کے مختلف علاقوں میں باران رحمت برسنے سے طویل خشک سالی کا خاتمہ ہو گیا۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہلکی پھلکی بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا جبکہ طویل انتظار کے بعد ملکہ کوہسار مری میں بھی برفباری سے ہر منظر حسین ہو گیا۔

طویل انتظار کے بعدبالاآخرملکہ کوہسارمری میں موسم سرما کی پہلی برفباری کاآغازہوگیاجبکہ آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اوربرفباری کاسلسلہ جاری ہے جبکہ متعددرابطہ سڑکیں برفباری کے باعث بند ہوگئی ہیں ۔

مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری پر ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کا جھیکا گلی، نتھیاگلی، کشمیر پوائنٹ ، مال روڈ،کلڈنہ سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ڈی سی مری نے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈی سی مری نے بعد ازاں کنڑول روم کا بھی دورہ کیا۔آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ تمام اہلکار اور مشینری فعال ہے۔سہولت مراکز میں مختلف ڈیپارٹمنٹس کے اہلکار مدد اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے موجود ہیں۔

ادھر بالاکوٹ،ایبٹ آباد میں بھی بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیاہے ۔دوسری جانب آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور نواحی پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری سردی کی شدت بڑھ گئی۔ وادی لیپہ میں بارش اور برفباری کے باعث سخت سردی سے معمولات زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئے۔

پیر چناسی پیر ،ہسی مار، مکڑا پہاڑ برف سے ڈھک گئے گڑھی دوپٹہ چناری چکوٹھی ہٹیاں بالا ، لمنیاں ،ریشیان، چکار سدھن گلی ، لسڈنہ محمود گلی برفباری کاسلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے لمیناں ریشیاں شاہراہ برفباری اور پھسلن کے باعث بند ہے جبکہ برتھواڑ گلی اور پنچال گلی برفباری کے بعد ہر قسم کی آمد و رفت کے لئے بند ہوگئی ہے ۔

مرکزی کنٹرول روم کے مطابق بالائی وادی نیلم گریز کو ملانے والی شاہراہ نیلم کیل تک ہرقسم کی ٹریفک کے کھلی ہے نیلم گریز ویلی کیلئے کیل سے داوٴبٹ تک شاہراہ چھوٹی گاڑیوں کے لئے کھلی ہے شونٹھر ویلی سرگن ویلی کی سڑکیں متعدد مقامات سے ہرقسم کی آمد و رفت کے لئے بند ہے جبکہ مانسہرہ مظفرآباد شاہرہ، کوہالہ پنڈی جہلم ویلی کاٹ روڈ ہر قسم کی ٹریف کے لئے کھلی ہے ۔

دوسری جانب سوات، کالام، مالم جبہ، وادی نیلم میں اٹھ مقام اور گردونواح میں بارش اور برفباری ہو رہی ہے۔ادھر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں بھی بارش برسی جبکہ خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں بھی بادل برسے، لوئر دیر، غذر اور جنوبی وزیرستان میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

محکمہ موسمیات نے مزید 2 روز تک برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔

علاوہ ازیں صوبائی دارالحکومت لاہور میں سردی کی شدت میں کمی ہوئی ہے دوپہر کے اوقات میں سورج اپنی کرنیں بکھیرے گا، ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے اعداد وشمار کے مطابق ہوا کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 31 جنوری سے بارش برسنے کا امکان ہے۔

Comments are closed.