شیخ رشید کی سانحہ 9 مئی سمیت 12 مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ

46 / 100

فائل:فوٹو

راولپنڈی :عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی سانحہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ سمیت 12 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ ہوگیا جو کل منگل کو سنایا جائے گا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف کی عدالت میں دونوں چچا بھتیجا کی سانحہ 9 مئی کے بارہ مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر تفصیلی سماعت ہوئی ۔

وکیل صفائی سردار عبد الرازق ایڈووکیٹ کا موقف تھا کہ ان کیسوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں یہ صرف سیاسی انتقام ہے وہ موقع پر موجود ہی نہیں تھے ان کے نام ایف آئی آر میں شامل میں انہیں 5 ماہ بعد ملوث کیا گیا تمام کیسوں میں ضمانتیں کنفرم کی جائیں جبکہ سرکاری پراسیکیوٹرز راجہ حسیب سلطان اور اکرام امین منہاس ایڈووکیٹس کا موقف تھا کے دونوں نے شہریوں کو نو مئی کے لئے اکسایا ۔

شیخ راشد شفیق کی کمرہ عدالت وڈیو چلائی گئی جس میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں کون بے گناہ ہے کون قصور وار جب تک تفتیش نہیں ہوگی یہ کیسے پتہ چلے گا ضمانتیں خارج کر کے دونوں کو شامل تفتیش کرنے،بیان ریکارڈ کرنے دیا جائے سب سامنے آجائے گا ۔

بعدازاں عدالت نے فریقین دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا اس موقع پر عدالت کے اندر باہر احاطہ میں بڑی تعداد میں پولیس تعینات تھی تمام دس تھانوں کی تفتیشی ٹیمیں ہتھکڑیوں سمیت عدالت باہر موجود تھے مگر فیصلہ محفوظ ہونے پر مایوس لوٹ گئی ۔

گرفتاری کے لئے پولیس کے ڈالے کمرہ عدالت کے دروازے کے ساتھ کھڑے کئے گئے تھے جو فیصلہ محفوظ ہونے کا اعلان ہوتے ہی واپس روانہ ہوگئے۔

Comments are closed.