الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کا پیچھا نہ چھوڑا،بلے پرسپریم کورٹ میں آج قانونی جنگ ہوگی

50 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کا پیچھا نہ چھوڑا،بلے پرسپریم کورٹ میں آج قانونی جنگ ہوگی، سپریم کورٹ نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف الیکشن کمیشن کی درخواست آج سماعت کےلئے مقرر کی ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کرےگا، بنچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔

تحریک انصا ف کو بلے کا انتخابی نشان واپس دینے کے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں اپیل دائرکی ہے۔

الیکشن کمیشن کی درخواست میں پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے انٹراپارٹی انتخابات الیکشن ایکٹ کے مطابق نہیں کرائے۔

اس سے قبل رجسٹرار سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر اعتراض عائد کرتے اپیل واپس کردی تھی، رجسٹرار آفس نے اپیل کے ساتھ منسلک دستاویزات پڑھے نہ جانےکا اعتراض عائد کیا۔

پشاور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو بلے کا نشان واپس دینے کا فیصلہ دیا تھا اور الیکشن کمیشن کو حکم دیا تھا پی ٹی آئی کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا فیصلہ ویب سائٹ پر بھی جاری کیا جائے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے پشاور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت درخواست دائر کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کا سرٹیفیکٹ ویب سائٹ پر جاری نہیں کیا۔

Comments are closed.