عمران خان اور نوازشریف 3، 3 حلقوں ،آصف زرداری ایک حلقے سے الیکشن لڑیں گے

51 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور نوازشریف 3، 3 حلقوں ،آصف زرداری ایک حلقے سے الیکشن لڑیں گے،عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے بعد ہی لیول پلیئنگ فیلڈ کی صورتحال واضح ہوگی،عمران خان کے انتخابات میں شمولیت کے بعد انتخابی ماحول گرم ہوگا۔

ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کا آج دوسرا روز ہے الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ (مساوی مواقع ) دینے کے احکامات جاری کردیئے۔

تحریک انصاف کے نئے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے بتایا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان تین حلقوں لاہور‘ میانوالی اور اسلام آباد سے الیکشن میں حصہ لیں گے،بیرسٹر گوہرخوش نصیب چیئرمین ہے جن کو میڈیا پر آکر با ت کرنے کی اجازت ہے کیونکہ بانی چیئرمین عمران خان کے الیکٹرانک میڈیا پر نام لینے پر بھی غیر اعلانیہ پابندی ہے۔

اسی طرح جن دیگر بڑے رہنماوں کی طرف سے خبریں سامنے آئی ہیں ان میں نواز شریف لاہور اور مانسہرہ سے‘شہبازشریف لاہور اور کراچی‘ آصف علی زرداری نوابشاہ‘ بلاول بھٹو لاڑکانہ جبکہ فضل الرحمٰن ڈیرہ اسماعیل خان سے میدان میں اتریں گے۔ 

نواز شریف لاہور کے این اے 130 اور این اے 15 مانسہرہ سے بھی الیکشن لڑیں گے جبکہ شہباز شریف لاہور کے این اے 123 اور اس کے ساتھ ساتھ صوبائی اسمبلی کی سیٹ پی پی 158 کے لئے کاغذات نامزدگی حاصل کئے ہیں۔

شہباز شریف نے کراچی کے حلقے این اے 242 سے بھی کاغذات وصول کرلیے‘ مریم نواز این اے 119 کے ساتھ ساتھ اسی حلقے سے صوبائی اسمبلی کی سیٹ کے لئے الیکشن لڑیں گی۔ 

حمزہ شہباز این اے 118 سے الیکشن میں حصہ لیں گے‘ آصف زرداری نواب شاہ ‘ بلاول لاڑکانہ جبکہ فضل الرحمان اور فیصل کنڈی این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان سے میدان میں اتریں گے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے عبدالعلیم خان نے این اے 119، پی پی 149اور پی پی 150‘شعیب صدیقی نے این اے 119‘شفقت محمود نے این اے 128‘ ڈاکٹر یاسمین راشد نے پی پی 174اور میاں اسلم اقبال نے پی پی 171سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔ 

سیالکوٹ سے خواجہ آصف نے ایک قومی اور دو صوبائی حلقوں سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے جبکہ سیالکوٹ سے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھی این اے 70 سے کاغذات وصول کیے ہیں۔ 

اسی طرح پی ایس 37 نوابشاہ سے ڈاکٹر عذرا پیچوہو الیکشن لڑیں گی‘ خیرپور سے غوث علی شاہ اور قائم علی شاہ نے کاغذات وصول کیے جبکہ پیر صدر الدین شاہ، نفیسہ شاہ، نواب خان وسان نے بھی خیر پور سے ہی کاغذات نامزدگی وصول کرلیے۔

سکھر سے خورشید شاہ، نعمان اسلام شیخ، ناصر شاہ نے کاغذات وصول کیے، بدین سے فہمیدہ مرزا، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سابق ایم پی اے حسنین مرزا نے کاغذات وصول کیے۔ 

لسبیلہ سے جام کمال‘ صالح بھوتانی اور اسلم بھوتانی کے کاغذات وصول کیے گئے، جہانگیر ترین کی بیٹی مہر خان ترین نے این اے 155 اور پی پی 227 سے کاغذات نامزدگی وصول کیے۔ مظفرگڑھ سے جمشید دستی نے این اے 175 اور 176 کیلئے کاغذات حاصل کرلیے۔

واضح رہے کاغذات حاصل اور جمع کرنے سے زیادہ الیکشن کمیشن کی طرف سے کاغذات مسترد ہونے اور حتمی فہرست سامنے آنے کے بعد انتخابات میں مساوی مواقعے دینے کے الیکشن کمیشن کے دعوے کاتعین ہو جائے گا۔

Comments are closed.