ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ درابن پر دہشتگردوں کے حملے میں 3 پولیس اہلکار شہید

53 / 100

فائل:فوٹو
ڈی آئی خان:ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ درابن پر دہشتگردوں کے حملے میں 3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری اوربلاول بھٹو نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس اور زخمی پولیس جوانوں کی صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔

پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی تھانے کے مین گیٹ سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تھانے کے قریب فائرنگ سے 16 اہلکار زخمی ہو چکے ہیں، زخمیوں کو ڈیرہ اسماعیل خان ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعے کے بعد ہسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس اور زخمی پولیس جوانوں کی صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ پولیس کے شہید جوانوں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، دہشتگردی کے منصوبہ سازوں اور نرسریوں کو ختم کرنا ہوگا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کی مذمت کی ہے۔انہوں نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے ناقابل معافی ہیں، دہشت گردی کی نرسریوں کو ختم کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے۔

Comments are closed.