ن لیگ کے صوبائی صدر نے بھی الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا

50 / 100

فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: ن لیگ کے صوبائی صدر نے بھی الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا، صوبہ خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ(ن) کے صدر امیر مقام نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن، ہزارہ اور قبائلی علاقوں میں 8 فروری کو بہت زیادہ برفباری ہوتی ہے۔

نجی ٹی وی ڈان نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا زمینی حقائق کو دیکھتے ہوئے انتخابات کو تین چار ہفتے ملتوی کرنا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ انتخابات میں ووٹ ڈال سکیں۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں بھی ملک میں سیکیورٹی کے لحاظ سے بہت برے حالات تھے لیکن اس کے باوجود الیکشن کا انعقاد کیا گیا تھا کیونکہ انتخابات کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔

نگران وزیر داخلہ سرفرا بگٹی کے بیان پر امیر مقام نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ خطرہ تو بعض لوگوں کو ہمیشہ رہتا ہے اور خیبر پختونخوا میں تو یہ خطرہ لاحق رہتا ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خود بٹگرام میں میرے جلسے میں خودکش حملہ ہوا تھا اور مجموعی طور پر چھ سات حملوں کا سامنا کیا لیکن زندگی چلتی رہتی ہے، الیکشن کے سوا اس ملک کے مسائل کا حل نہیں ہے۔

امیر مقام نے کہا سیکیورٹی کے مسئلوں سے قطع نظر ہمیں چند تحفظات ہیں کہ ملاکنڈ ڈویژن، ہزارہ اور قبائلی علاقہ جات سمیت بعض علاقوں میں 8 فروری کو بہت زیادہ برفباری ہوتی ہے۔

امیر مقام نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کی مسلم لیگ(ن) کی قیادت میں کوئی ناراضی نہیں ہے، ہم سب متحد ہیں، مہتاب عباسی ہمارے بڑے ہیں اور ایبٹ آباد کی سطح پر ان کے کچھ مقامی مسائل ہوں گے لیکن اس میں کوئی بڑی بات نہیں ہے۔

واضح رہے ان سے قبل جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن بھی سردی کی شدت میں اضافے کے باعث انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔

Comments are closed.