عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا آج القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کا امکان

50 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد: چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا آج القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کا امکان ہے انہیں نیب نے آج دن 2 بجے طلب کررکھا ہے۔

نیب نے آج انھیں 190 ملین پاونڈ اسکینڈل نام سے منسوب القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کی دیرینہ دوست فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کو راولپنڈی نیب آفس طلب کررکھا ہے۔

نیب نے بشری بی بی اور فرح گوگی کو نوٹس بھی جاری کررکھے ہیں، جس میں بشریٰ بی بی کو آج دن دو بجے اور فرح گوگی کو 3 بجے طلب کیا گیا ہے۔

نیب راولپنڈی نے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کی قریبی دوست فرح گوگی کو بدھ کو طلب کیا تھا، تاہم وہ پیش نہ ہوئیں اور ان کے وکلا نے نئی تاریخ مانگی تھی، جس پر نیب نے انہیں 13 نومبر کو طلب کیا تھا۔

نیب راولپنڈی نے بشریٰ بی بی کو بطور ملزمہ طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے، نوٹس میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی 3 بار طلب کرنے پر نیب میں پیش نہیں ہوئیں، بشریٰ بی بی کی 7 نومبر کو عدم پیشی پر 13 نومبر دن 2 بجے دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

نیب کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی نے اب تک جو جواب اور دستاویزات جمع کرائیں ہیں، نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ان سے مطمئن نہیں لہذا بشریٰ بی بی بطور ملزمہ پیش ہو کر شامل تفتیش ہوں۔

نیب کی جانب سے فرح گوگی کو ارسال کئے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فرحت شہزادی نیب راولپنڈی کے دفتر پیش ہوں اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے بیان ریکارڈ کروائیں۔

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ فرحت شہزادی کو ایک بار پہلے بھی طلب کیا گیا تھا لیکن وہ ہیش نہیں ہوئی تھیں۔ فرحت شہزادی کو القادر ٹرسٹ اور القادر یونیورسٹی سے متعلق دستاویزات ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Comments are closed.