گلین میکس ویل کا ون مین شو،افغان ٹیم کو کچل کر فتح جبڑوں سے چھین لی

50 / 100

فوٹو: سوشل میڈیا

ممبئی: گلین میکس ویل کا ون مین شو،افغان ٹیم کو کچل کر فتح جبڑوں سے چھین لی ،آسٹریلین جارح مزاج بیٹر نے ورلڈ کپ میں ہدف کے تعاقب میں ڈبل سنچری بنا کر تاریخ رقم کرڈالی۔

آسٹریلیا کے 91 رنز پر 7 کھلاڑی آوٹ ہوئے تھے اس کے بعد میکس ویل افغانی ٹیم پر قہر بن کر ٹوٹے، دو کیچز ڈراپ کرکے افغان ٹیم نے میچ ہی ڈراپ کرڈالا۔

آئی سی سی ورلڈ کپ میچ میں گلین میکس ویل نے ناقابلِ شکست ڈبل سنچری بنا کر افغانستان کے جبڑوں سے جیت چھین لی۔ اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا نے سیمی فائنل کےلیے بھی کوالیفائی کرلیا۔

افغانستان کے 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بولرز نے ابتدا میں کینگروز کو بھی دبوچ لیا۔ پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے 7 کھلاڑی صرف 91 پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

مچل مارش 24، ڈیوڈ وارنر 18، مارنس لبوشین 14، مارکس اسٹوئنس نے 6، مچل اسٹارک نے 3 جبکہ جوش انگلس اور ٹریوس ہیڈ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی7 وکٹیں گرنے کے بعد میکسویل نے کپتان پیٹ کمنز کے ساتھ ٹیم کو ریسکیو کرنا شروع کیا اور ایسا ریسکیو کیا کہ جیت کے پار ہی پہنچادیا اس دوران انھیں ہمیسٹرنگ انجری نے بے حال کئے رکھا تاہم وہ طبی امداد لیتے اورپھر کریز پر کھڑے ہو جاتے تھے۔

اس دوران میکسویل کے 2 آسان کیچز ڈراپ ہوئے جبکہ ایک مرتبہ انہیں ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا لیکن ریویو کے بعد وہ محفوظ رہے،میکسویل نے 128 گیندوں پر 201 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ انکی اننگز میں 10 چھکے اور 21 چوکے شامل تھے۔

گلین میکسویل نے پیٹ کمنز کے ساتھ 202 رنز کی پارٹنرشپ بنائی، اس شراکت داری میں آسٹریلوی کپتان نے 68 گیندوں کا سامنا کرکے 12 رنز بنائے تاہم آخر تک انھوں نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔

افغانستان کی جانب سے نوین الحق، عظمت اللّٰہ عمرزئی اور راشد خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

رحمان اللّٰہ گرباز اور ابراہیم زادران نے اننگز کا آغاز کیا، افغانستان کی پہلی وکٹ آٹھویں اوور میں 38 رنز پر گری جب رحمان اللّٰہ گرباز 21 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں ابراہیم زادران اور رحمت شاہ نے محتاط لیکن اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 121 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 24.4 اوورز میں رحمت شاہ 30 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

رحمت کے بعد حشمت نے ابراہیم زادران کا ساتھ دیا، دونوں کے درمیان 52 رنز کی پارٹنر شپ بنی، تاہم کپتان حشمت اللّٰہ شاہدی 26 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

اس کے بعد عظمت اللّٰہ عمرزئی نے 22 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ان کے بعد آنے والے محمد نبی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے،ابراہیم زادران نے ذمہ دارانہ اننگز جاری رکھی اور اپنی سنچری مکمل کی۔

ابراہیم کی سنچری کسی بھی افغانی کھلاڑی کے ون ڈے فارمیٹ کے ورلڈکپ میں پہلی سنچری تھی،ابراہیم زادران نے 129 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ انکی اننگز میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

اختتامی لمحات میں راشد خان نے 18 گیندوں پر 35 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز کے ٹوٹل تک پہنچایا۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے2جبکہ مچل اسٹارک، گلین میکسویل اور ایڈم زیمپا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،گلین میکس ویل کو تاریخی ڈبل سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Comments are closed.